اب ایک فون کال پر سرکاری مکینک بھی ملے گا، اسلام آباد ٹریفک پولیس(ITP) نے شہریوں کی بڑی پریشانی کا حل نکال لیا، ’مکینک آن ویلز‘ سروس متعارف کرادی۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو سڑک پر گاڑی خراب ہونے کی صورت میں فوری مدد فراہم کرنے کے لیے ’مکینک آن ویلز‘ سروس متعارف کرا دی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق شہر کے کسی بھی علاقے میں گاڑی خراب ہونے یا راستے میں رک جانے کی صورت میں شہری ہیلپ لائن 1915 پر کال کرکے مکینک کی فوری خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ’مکینک آن ویلز‘ سروس کے تحت تربیت یافتہ عملہ متاثرہ گاڑی تک پہنچ کر شہریوں کو موقع پر ہی ممکنہ تکنیکی مدد فراہم کرے گا، تاکہ گاڑی خراب ہونے کی صورت میں انہیں طویل انتظار یا مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مزیدپڑھیں:راولپنڈی میں ماں 2 بچوں سمیت تالاب میں ڈوب کر جاں بحق
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو پیغام دیا ہے کہ “Where the car stops, help arrives there” یعنی “جہاں گاڑی رکے، مدد وہیں پہنچے گی۔”
پولیس کے مطابق یہ اقدام شہریوں کے سفر کو مزید محفوظ اور آسان بنانے کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر گاڑی خراب ہونے کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اسلام آباد میں کسی بھی مقام پر گاڑی خراب ہونے کی صورت میں پریشان ہونے کے بجائے 1915 پر کال کریں اور ’مکینک آن ویلز‘ سروس سے مدد حاصل کریں۔









