ہر جنریشن کے ہیرو سلمان خان(Salman Khan) پہلوان نے معروف ہدایت کار کے ساتھ ہاتھا پائی کیوں کی،حیران کن وجہ سامنے آ گئی۔
سبھاش گھئی اور سلمان خان کے درمیان ہاتھا پائی کی خبریں پھیلنے سے سلمان خان کے فینز میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور سب یہ جاننے کی کوشش کر رہے تھے کہ ان کے ہیرو کو اتنا غصہ کس بات پر آیا کہ وہ ہدایات کار سبھاش گئی سے جسمانی ہاتھا پائی پر مجبور ہو گئے۔
اب یہ سامنے آیا ہے کہ سلمان خان جھگڑے کے وقت کچھ پیئے ہوئے تھے۔ یہ جھگڑا ایک پارٹی میں ہوا تھا۔ سبھاش گھئی نے خود بتایا ہے کہ سلمان خان نے پارٹی میں نشے کی حالت میں نامناسب بات کہی جس پر بات آگے بڑھی۔
سبھاش گھئی نے سلمان خان کے ساتھ تلخ واقعے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں کے درمیان اختلاف اس قدر بڑھ گیا تھا کہ معاملہ ہاتھا پائی تک جا پہنچا تھا۔
81 سالہ فلم ڈائریکٹر نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ سلمان خان کے بھائی نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ سلمان کو اپنی فلم میں کاسٹ کریں۔ سبھاش گھئی نے اس تجویز پر سلمان خان کے ساتھ کام کرنے پر آمادگی ظاہر کی اور بعد ازاں فلم ’یوراج‘ کی کہانی تیار کی۔
تاہم فلم کی تیاری شروع ہونے سے قبل ہی دونوں کے درمیان ایک پارٹی کے دوران شدید تلخ کلامی ہوگئی۔
سبھاش گھئی کے مطابق سلمان خان نے پارٹی میں پی رکھی تھی۔ نشے کی حالت میں سلمان خان نے ان سے کچھ نامناسب بات کہی جس پر انہوں نے سلمان کو ایسا کرنے سے منع کیا۔ بات آگے بڑھی تو سلمان نے ان کی ہدایت کاری کا مذاق اڑانا شروع کر دیا اور فلم کی ڈائریکشن کے متعلق سبھاش جی کے بعض فیصلوں کا مذاق اڑایا۔
گھئی نے بتایا کہ انہوں نے سلمان کو واضح کیا کہ فلم کے حوالے سے فیصلے کرنا بطور ڈائریکٹر ان کی ذمہ داری ہے۔ اس پر دونوں کے درمیان بحث شدت اختیار کر گئی اور نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔
مزیدپڑھیں:بلاول کی شادی سے متعلق خبروں کی حقیقت سامنے آگئی
اس واقعے کے بعد سلمان خان کے والد اور معروف اسکرین رائٹر سلیم خان نے معاملے میں مداخلت کی۔ سبھاش گھئی کے مطابق سلیم خان نے اپنے بیٹے کو ڈانٹا اور انہیں ہدایت کی کہ وہ جا کر فلمساز سے معافی مانگیں۔
سبھاش گھئی نے بتایا کہ اگلی صبح سلیم خان نے انہیں فون کرکے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور بتایا کہ انہوں نے سلمان کو اس معاملے پر سختی سے سمجھایا ہے۔
بعد ازاں سلمان خان خود سبھاش گھئی کے گھر گئے اور نہایت شائستگی سے ان سے معافی مانگی۔ فلمساز کے مطابق سلمان کی جانب سے اپنے والد کی بات ماننے اور احترام کا مظاہرہ کرنے نے ان کے دل میں اداکار کے لیے دوبارہ مثبت جذبات پیدا کیے۔
سبھاش گھئی کا کہنا تھا کہ انہوں نے سلمان خان کو معاف کردیا اور وقت کے ساتھ دونوں کے تعلقات معمول پر آگئے۔ بعد میں دونوں کی ملاقاتیں بھی ہوتی رہیں اور اسی واقعے کے باوجود انہوں نے مل کر فلم ’یوراج‘ بنائی۔
سلمان خان، انیل کپور اور کترینہ کیف جیسے معروف اداکاروں کی موجودگی کے باوجود ’یوراج‘ نومبر 2008 میں ریلیز ہونے کے بعد باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکی۔









