ابوظہبی: مشرق وسطیٰ میں سمندری تجارت اور تیل کی ترسیل کو محفوظ بنانے کے لیے خطے کی اہم معاشی طاقتوں نے متبادل راستوں پر تیزی سے کام شروع کر دیا ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی پورٹ آپریٹر کمپنیوں میں سے ایک، دبئی کی ڈی پی ورلڈ نے فجیرہ میں دو نئے کنٹینر ٹرمینلز تیار کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات فجیرہ میں ایک نئی آئل پائپ لائن پر کام کر رہا ہے، جس کے اگلے سال آپریشنل ہونے سے فجیرہ کے مقام پر خام تیل کی گنجائش دوگنی ہو جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈی پی ورلڈ اندرون ملک تجارتی سامان کی نقل و حمل کو آسان بنانے کے لیے کنٹینر ڈپو کا بنیادی ڈھانچہ بھی قائم کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق تزویراتی لحاظ سے حساس سمندری گزرگاہ آبنائےہرمز کی کشیدگی اور ممکنہ خطرات سے بچنے کے لیے سعودی عرب نے بھی اربوں ڈالر کے منصوبے تیزی سے حتمی شکل دے دیے ہیں۔ ان منصوبوں میں سعودی خام تیل کی پائپ لائن کو مغربی بحیرہ احمر کے ساحل تک وسعت دینا شامل ہے تاکہ بین الاقوامی مارکیٹ کو تیل کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھی جا سکے۔
دوسری جانب، کویت پیٹرولیم کارپوریشن بھی اپنے آئل ڈسٹریبیوشن نیٹ ورک کو وسعت دینے کے لیے متحرک ہو گئی ہے۔ کویتی حکام سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر پائپ لائنز کے نظام کو مربوط کرنے اور مشترکہ ترسیل کو بہتر بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی مذاکرات کر رہے ہیں۔









