کنگسٹن: کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کے فائنل میں پاکستان کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، تاہم انٹیگا اینڈ باربوڈا فالکنز نے جمیکا کنگزمن کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ جمیکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے معاذ صاداقت کی شاندار سنچری کی بدولت 9 وکٹوں پر 170 رنز بنائے، جواب میں فالکنز نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بناکر کامیابی حاصل کرلی۔
معاذ صاداقت نے 49 گیندوں پر 114 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ وہ سی پی ایل فائنل میں سنچری بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے، جبکہ کسی بھی ٹی20 لیگ کے فائنل میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹر کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔ معاذ نے ٹورنامنٹ میں 7 میچز میں 363 رنز بنائے، ان کی اوسط 52 اور اسٹرائیک ریٹ تقریباً 175 رہا۔
فالکنز کی جانب سے سفیان مقیم نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 14 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جو سی پی ایل فائنل کی تاریخ میں بہترین باؤلنگ کارکردگی ہے۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سفیان نے ٹورنامنٹ میں 6 میچز کے دوران 12 وکٹیں حاصل کیں۔
شاداب خان نے بھی آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے 8 میچز میں 132 رنز بنائے جبکہ گیند سے 11 وکٹیں حاصل کیں، جن میں ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔ شاداب نے کہا کہ ٹیم کی جانب سے ملنے والے کردار نے انہیں ذہنی طور پر آزاد ہوکر کھیلنے میں مدد دی۔
مزید پڑھیں:افغان سرحدی علاقوں پرفضائی کارروائی و آپریشن، 37 خوارج ہلاک، دہشتگرد کیمپ تباہ
فالکنز کی جانب سے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے امیر جنگو نے ناقابل شکست 57 اور حسن نواز نے 47 رنز بنائے اور دونوں نے 89 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح دلادی۔ یہ فالکنز کی سی پی ایل میں تیسری شرکت تھی اور ٹیم نے پہلی ہی بار فائنل جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔









