چکوال(Chakwal) کی تحصیل کلرکہار کے گاؤں بھٹی گجر نے وطن کی خاطر اپنے 2 بیٹے قربان کر دیے۔ پاک فوج کے نوجوان افسر لیفٹیننٹ شیراز بابر اور ان کے بچپن کے دوست غلام سجاد خیبر پختونخوا کے شہر ہنگو کے قریب دہشتگرد حملے میں فرض کی ادائیگی کے دوران شہید ہوگئے۔
لیفٹیننٹ شیراز بابر، بابر شہزاد کے صاحبزادے اور معروف ماہر تعلیم و سابق ہیڈ ماسٹر محمد زمان مغل کے پوتے تھے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق دونوں شہدا کے درمیان گہری دوستی تھی اور وطن کی حفاظت کے آخری سفر میں بھی دونوں ایک ساتھ رہے۔
دونوں شہدا کی نماز جنازہ آج ان کے آبائی گاؤں بھٹی گجر میں ادا کی گئی جس میں پاک فوج کے افسران، جوانوں، اہل علاقہ اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مزیدپڑھیں:ٹی 20 کپتانی کے لیے ذہنی طور پر تیار نہیں :شاداب خان
قومی پرچم میں لپٹے شہدا کے جسد خاکی جب آبائی گاؤں پہنچے تو فضا سوگوار ہوگئی تاہم ہر چہرے پر اپنے سپوتوں کی قربانی کا فخر بھی نمایاں تھا۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ 2 گھروں کے چراغ ضرور بجھے ہیں لیکن ان شہیدوں نے اپنے خاندان، گاؤں اور پورے ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔









