بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ایرانی صدر سے اہم ملاقات

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی(Mohsin Naqvi) کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی اور سیاحت بڑھانے پر زور دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے تہران میں اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت، توانائی، سیاحت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا گیا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اور پاکستان علاقائی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اپنی ضروریات پوری کرسکتے ہیں، جبکہ مشترکہ سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی دباؤ نے اسلامی ممالک کے درمیان ہم آہنگی کی راہ ہموار کی ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاک ایران تعلقات آج جس اعلیٰ سطح پر ہیں، پہلے کبھی نہیں رہے۔ پاکستان تجارت، معیشت اور سیاحت سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ سیاست، ثقافت اور سائنس کے شعبوں میں بھی روابط مزید وسیع کیے جائیں گے۔

اس سے قبل محسن نقوی کی ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں وزارتوں کے درمیان جاری تعاون پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

مزیدپڑھیں:عطاء اللہ تارڑ کا دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ، قیام امن اور مذہبی ہم آہنگی پر اہم مشاورت

ایرانی وزیر داخلہ نے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی مسلسل کاوشوں پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں پاک ایران تجارتی حجم 3 ارب ڈالر سے بڑھا کر 10 ارب ڈالر تک لے جانے کے ہدف پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں ممالک نے تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے درمیانی سرحدی راستہ 24 گھنٹے کھلا رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ کوہک کے مقام پر نیا سرحدی راستہ کھولنے اور پاک ایران براہ راست ٹرین سروس کے لیے ریلوے روٹ پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ایرانی وزیر داخلہ کے مطابق دوطرفہ معاہدوں کے تحت پاکستان اور ایران کے سرحدی راستے 24 گھنٹے فعال رہیں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ آنے والے وقت میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔