بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی اپنی نالائقی چھپانے کے لیے لانگ مارچ کا سہارا لے رہی ہے، وفاقی وزیر امیر مقام

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینیئر امیر مقام(Amir Muqam) نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے اسلام آباد لانگ مارچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی نے خیبرپختونخوا میں تقریباً 4 سال حکومت کی، اسے بتانا چاہیے کہ اس دوران عوام کی فلاح کے لیے کتنے لانگ مارچ کیے اور وفاق سے ملنے والے وسائل کہاں خرچ کیے۔

مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو سب سے پہلے اپنی صوبائی حکومت سے سوال کرنا چاہیے کہ انہیں جو وسائل اور وفاقی حکومت سے رقوم ملیں، ان سے تعلیم، صحت اور اداروں کی مضبوطی کے لیے کیا اقدامات کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اس وقت دہشتگردی سمیت سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، بعض علاقوں میں لوگوں کے لیے گھروں سے نکلنا بھی مشکل ہوگیا ہے، اس لیے حکومت کی ترجیح عوام کو ان حالات سے نکالنا ہونی چاہیے۔

امیر مقام نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات میں لوگ اپنے پیاروں کو کھو رہے ہیں اور کئی خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق سوات، جنوبی اضلاع اور دیگر علاقوں میں بھی ایسے واقعات پیش آئے ہیں، جن سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کو احتجاج اور لانگ مارچ کی طرف لے جانے کے بجائے دہشت گردی اور دیگر مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جانے چاہییں۔

انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے طویل عرصے تک صوبے میں حکومت کی، تاہم اب اپنی کارکردگی کے بجائے اپنی مبینہ نالائقی اور ناکامی کا ملبہ دوسری طرف ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

امیر مقام نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کی سیاست عوامی مسائل کے حل کے لیے ہے تو اسے خیبرپختونخوا کے عوام کو جواب دینا چاہیے کہ صوبے کو ملنے والے وسائل کہاں خرچ ہوئے اور عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے کیا کیا گیا۔

پونچھ کے عوام کو اعلیٰ آئینی نمائندگی ملنا مثبت پیغام ہے

وفاقی وزیر نے آزاد کشمیر کے نومنتخب صدر ڈاکٹر نجیب نقی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق پونچھ ڈویژن سے ہے اور ان کا صدر منتخب ہونا وہاں کے عوام کے لیے ایک مثبت پیغام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پونچھ کے عوام میں یہ احساس پایا جاتا تھا کہ وہ حکومت اور نظام میں باہر ہیں، تاہم ڈاکٹر نجیب نقی کا صدر منتخب ہونا اس احساس کے خاتمے کی جانب اہم قدم ہے۔

امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے عوام سے جو وعدے کیے ہیں، ان پر کام جاری ہے۔ ان کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ 5 دانش اسکولوں کے قیام کے منصوبے پر بھی کام ہورہا ہے۔

انہوں نے راولاکوٹ اور پونچھ سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے احتجاج اور دھرنے ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل بات چیت اور مذاکرات سے نکلتا ہے۔

امیر مقام نے کہا کہ احتجاج کے باعث ہونے والے نقصانات بھی بالآخر عوام ہی کو برداشت کرنا پڑتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ احتجاج کے بجائے نظام کا حصہ بن کر عوامی مسائل اور فلاح و بہبود کے لیے بات کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آزاد کشمیر کے عوام کی بہتری اور فلاح کے لیے کوئی مطالبات ہیں تو حکومت ان پر بات کرنے اور تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔