بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مارچ ملتوی کرنے کیلئے خط لکھنے کا معاملہ، شوکت یوسفزئی اپنے خلاف ٹرولنگ پر لائیو شو میں رو پڑے

پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی(Shaukat Yousafzai) لانگ مارچ ملتوی کرنے کے حوالے سے پارٹی قیادت کو لکھے گئے خط کے بعد سوشل میڈیا ٹرولنگ اور پارٹی رویے پر لائیو شو کے دوران رو پڑے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا سینئر پارٹی ممبر ہونے کے ناطے میں نے خدشے کا اظہار کیا تھا، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے میرے خط سے متعلق جو کہا وہ مجھے برا لگا، مجھے سہیل آفریدی سے اس بات کی توقع نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی نے جب 4 اکتوبر کو مارچ کا اعلان کیا، میں نے کہا سب سے پہلے میں ہوں گا، میرے خلاف سوشل میڈیا پر جو زبان استعمال ہوئی اس پر مجھے افسوس ہے، 9 مئی کے بعد جتنے لوگ پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں انھوں نے سخت وقت دیکھا۔

مزیدپڑھیں:سری نگر: انڈسٹریل سکیورٹی فورس کے اہلکارکی فائرنگ سے 4 ساتھی اہلکار ہلاک

شوکت یوسفزئی پروگرام میں اپنے اوپر لگنے والے الزامات پر بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ مجھ پر شک کیا جا رہا ہے کہ میں بک گیا ہوں، میں اصول کی بات کرتا ہوں، مجھے کس چیز کا ڈر اور خوف نہیں، میں نے سہیل آفریدی کا دفاع کیا کہ وہ دہشت گردوں کے سہولت کار نہیں۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا 26 نومبر احتجاج کے دوران بھی میں نے اس قسم کے خدشات کا اظہار کیا تھا، سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کی وجہ سے پارٹی کو نقصان ہو رہا ہے، یہ بے غیرت ہیں، میرے پارٹی چھوڑنے کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔