شہر قائد(Karachi) کے علاقے گلشن اقبال میں بیت المکرم مسجد کے قریب ریڈ لائن منصوبے کا زیر تعمیر پل اچانک زمین بوس ہوگیا حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو اور سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والا شخص موقع پر ڈیوٹی انجام دینے والا سکیورٹی گارڈ تھا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر ریسکیو 1122 کی جانب سے اسے عمارت کا ڈھانچہ گرنے کا واقعہ بتایا گیا تھا تاہم بعد میں واضح ہوا کہ گلشن اقبال میں گرنے والا ڈھانچہ کسی عمارت کا نہیں بلکہ ریڈ لائن منصوبے کے زیر تعمیر پل کا حصہ ہے۔
مزیدپڑھیں:پاکستان نے بنگلہ دیش کو6 وکٹوں سے شکست دیدی
پولیس کا کہنا ہے کہ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر امدادی سرگرمیاں تیز کردی گئی ہیں۔
ریسکیو اہلکار ملبہ ہٹا کر ممکنہ طور پر پھنسے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں جبکہ حادثے کی وجوہات کا تعین بھی کیا جارہا ہے۔









