واٹس ایپ (Whatsapp)صارفین کے لیے ایک اہم سیکیورٹی الرٹ سامنے آیا ہے، جس کے تحت صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹ سے منسلک ڈیوائسز کی فہرست ضرور چیک کریں، کیونکہ کسی پرانی یا غیر متعلقہ ڈیوائس پر واٹس ایپ اب بھی فعال ہوسکتا ہے۔
واٹس ایپ کا Linked Devices فیچر صارفین کو اپنے اکاؤنٹ کو فون کے علاوہ کمپیوٹر، ٹیبلٹ یا دوسرے فون سمیت دیگر ڈیوائسز پر استعمال کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ صارف ایک وقت میں اپنے بنیادی فون کے ساتھ چار ڈیوائسز تک لنک کرسکتے ہیں۔
اس فیچر کے تحت لنک کی گئی ڈیوائسز بنیادی فون کے آف لائن ہونے کے باوجود کام کرسکتی ہیں جس کا مطلب ہے کہ اگر صارف کسی دفتری کمپیوٹر، مشترکہ لیپ ٹاپ یا کسی پرانی ڈیوائس پر واٹس ایپ لنک کرکے لاگ آؤٹ کرنا بھول جائے تو وہ ڈیوائس کافی عرصے تک اکاؤنٹ سے منسلک رہ سکتی ہے۔
اپنا واٹس ایپ فوراً چیک کرنے کا طریقہ
آئی فون صارفین واٹس ایپ کھول کر Settings > Linked Devices میں جاسکتے ہیں، جبکہ اینڈرائیڈ صارفین اوپر دائیں جانب موجود تین نقطوں پر ٹیپ کرکے Linked Devices کا آپشن منتخب کریں۔
یہاں صارف کو اپنے اکاؤنٹ سے منسلک تمام ڈیوائسز کی فہرست نظر آئے گی۔ اگر کوئی ایسی ڈیوائس دکھائی دے جسے صارف نہیں پہچانتا تو اسے منتخب کرکے Log out کیا جاسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق نامعلوم ڈیوائس کا موجود ہونا لازمی طور پر یہ ثابت نہیں کرتا کہ واٹس ایپ ہیک ہوگیا ہے۔ ممکن ہے صارف نے ماضی میں خود کسی ڈیوائس کو اکاؤنٹ سے لنک کیا ہو اور بعد میں اسے بھول گیا ہو۔
مزیدپڑھیں:روس جوہری حملے کی دھمکیاں دینا بند کرے، نیٹو
تاہم کسی دوسرے شخص کو اگر صارف کے فون تک رسائی مل جائے تو وہ واٹس ایپ کے ڈیوائس لنکنگ کے عمل کے ذریعے نئی ڈیوائس کو اکاؤنٹ سے منسلک کرسکتا ہے۔ اسی طرح سائبر فراڈ میں بھی صارفین کو دھوکا دے کر کسی اجنبی ڈیوائس کو اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے لنک کروانے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔
سیکیورٹی محققین نے GhostPairing نامی ایک اسکیم کی بھی نشاندہی کی ہے جس میں صارفین کو جعلی لنکس یا ویب صفحات کے ذریعے واٹس ایپ کا ڈیوائس لنکنگ عمل مکمل کرنے پر آمادہ کیا جاتا ہے جبکہ حقیقت میں اس کے ذریعے حملہ آور کی ڈیوائس کو اکاؤنٹ تک رسائی مل سکتی ہے۔
صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی اجنبی کے کہنے پر واٹس ایپ کا پیئرنگ یا ویری فکیشن کوڈ درج نہ کریں اور ایسی کسی ڈیوائس کو لنک کرنے کی منظوری نہ دیں جسے انہوں نے خود لنک کرنے کی درخواست نہ کی ہو۔
اپنے اکاؤنٹ کو مزید محفوظ رکھنے کے لیے Two-step verification فعال کرنے، فون پر بائیومیٹرک سیکیورٹی استعمال کرنے، واٹس ایپ کو اپ ڈیٹ رکھنے اور مشترکہ یا دفتری کمپیوٹر استعمال کرنے کے بعد لازمی طور پر لاگ آؤٹ کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔
اس لیے اگر آپ نے طویل عرصے سے اپنے واٹس ایپ کی Linked Devices فہرست چیک نہیں کی تو ابھی چند سیکنڈ نکال کر اسے ضرور دیکھیں تاکہ کسی نامعلوم ڈیوائس کو فوری طور پر اکاؤنٹ سے ہٹایا جاسکے۔









