بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

غیر رسمی معیارتعلیم کو رسمی نظام کے ہم پلہ لانے کا فیصلہ، 45 ٹرینرز کی تربیت مکمل

اسلام آباد: وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں غیر رسمی بنیادی تعلیم کے معیار کو رسمی تعلیمی نظام کے برابر لانے کے لیے اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کا جامع فریم ورک فعال کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت کے بیسک ایجوکیشن کمیونٹی اسکولز سے وابستہ 1400 اساتذہ میں سے منتخب 45 ماسٹر ٹرینرز کے تیسرے بیچ نے تین روزہ خصوصی تربیتی پروگرام مکمل کر لیا۔

اس حوالے سے اختتامی تقریب جمعرات کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقد ہوئی، جس میں جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) سمیت ملکی اور بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ندیم محبوب تھے، جنہوں نے تربیت مکمل کرنے والے اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ندیم محبوب نے کہا کہ وزارت نے ڈیڑھ سال قبل غیر رسمی تعلیم کے فروغ اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے جامع روڈ میپ تیار کیا تھا، جس کا بنیادی مقصد محروم اور پسماندہ طبقات کے بچوں کو تعلیم فراہم کرنے والے اساتذہ کی تدریسی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے غیر رسمی اساتذہ کی تربیت ناگزیر ہے تاکہ انہیں بھی رسمی تعلیمی نظام کے اساتذہ کے برابر پیشہ ورانہ مواقع اور مہارتیں حاصل ہوں۔

وفاقی سیکرٹری نے کہا کہ ماضی میں غیر رسمی تعلیم کے اساتذہ کو رسمی نظام کے اساتذہ جیسی منظم تربیت میسر نہیں تھی، تاہم اب پہلی مرتبہ باقاعدہ ٹیچرز گائیڈز مرتب کرکے تربیتی پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران بھی اساتذہ کو تربیت فراہم کی گئی، جبکہ اب یہ سلسلہ اسلام آباد سے آگے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک وسیع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کمیونٹی ایجوکیشن کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کرنے اور اساتذہ کو تدریسی عمل میں فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت بھی کی۔

بیسک ایجوکیشن کمیونٹی اسکولز کے ڈائریکٹر جنرل حمید خان نیازی نے اپنے خطاب میں غیر رسمی تعلیم کے شعبے میں اصلاحات اور اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے کے لیے وزارت تعلیم کی سرپرستی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بیسک ایجوکیشن کمیونٹی اسکولز دور دراز اور محروم طبقات کے بچوں کے لیے تعلیم کے حصول کا اہم ذریعہ ہیں اور حکومتی تعاون سے اساتذہ کی جدید خطوط پر تربیت کا عمل آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے جائیکا اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔

نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی) کے ڈائریکٹر جنرل علی اصغر نے کہا کہ سیکرٹری تعلیم کی ہدایات کے تحت گزشتہ دو برس سے غیر رسمی تعلیم کے اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کا سلسلہ جاری ہے اور 45 ماسٹر ٹرینرز کا تیسرا بیچ اس پروگرام کے تحت تربیت مکمل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر رسمی اساتذہ محدود وسائل اور نامساعد حالات کے باوجود تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں، جن کی محنت اور عزم قابل تحسین ہے۔

اس موقع پر جائیکا کے نمائندے بلال نے پاکستان میں غیر رسمی تعلیم کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ادارے کے مسلسل تعاون کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جائیکا اور دیگر بین الاقوامی شراکت دار حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر تعلیمی اصلاحات، ٹیچرز ٹریننگ مینوئلز کی تیاری اور اساتذہ کے پیشہ ورانہ معیار کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے تربیت مکمل کرنے والے ماسٹر ٹرینرز کی لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کی سطح پر تدریسی صلاحیتوں میں بہتری ملک کے تعلیمی مستقبل کے لیے اہم ہے۔

مزید پڑھیں:افغانستان سے دہشتگردی بنیادی مسئلہ، سفارت کاری ترقی کا واحد راستہ ہے، مشاہد حسین

تقریب کے اختتام پر وفاقی سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب اور دیگر معزز مہمانوں نے تین روزہ تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے والے 45 ماسٹر ٹرینرز میں اسناد تقسیم کیں۔