بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکی پوسٹل سروس کو 126 ملین ڈالر کا مبینہ نقصان، پاکستانی شہری پر فردِ جرم عائد

امریکی ریاست فلوریڈا میں وفاقی گرینڈ جیوری نے پاکستانی شہری فہیم اکرم کے خلاف فردِ جرم عائد کردی ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے ایک غیر مجاز ویب سائٹ کے ذریعے لاکھوں جعلی امریکی ڈاک کے لیبل فروخت کیے۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 33 سالہ فہیم اکرم کا تعلق پاکستان کے ضلع خانیوال سے ہے اور وہ مبینہ طور پر LabelsBank.com نامی ویب سائٹ چلا رہا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ویب سائٹ کے ذریعے امریکی پوسٹل سروس (USPS) کے جعلی ڈاک لیبل فروخت کیے جاتے تھے۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ویب سائٹ سے 5,200 سے زائد افراد نے 51 لاکھ سے زیادہ جعلی شپنگ لیبل خریدے۔ امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ان جعلی لیبلز کے باعث امریکی پوسٹل سروس کو 126 ملین ڈالر سے زیادہ کا مبینہ نقصان ہوا۔

حکام کے مطابق LabelsBank.com کو امریکی پوسٹل سروس کی مصنوعات یا خدمات فروخت کرنے کی اجازت حاصل نہیں تھی۔ ویب سائٹ پر مبینہ طور پر جعلی ڈاک کے لیبل ایک مقررہ قیمت پر فروخت کیے جاتے تھے، جو عموماً تقریباً 2 ڈالر فی لیبل تھی۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ لیبل کی قیمت پیکیج کے وزن، سائز یا منزل کے لحاظ سے تبدیل نہیں ہوتی تھی۔ اس طریقہ کار کے ذریعے صارفین مبینہ طور پر امریکی پوسٹل سروس کی اصل قیمت کے مقابلے میں انتہائی کم رقم ادا کرکے اپنے پیکیجز بھیج سکتے تھے۔

امریکی اٹارنی جیسن اے ریڈنگ کوئنونیز کے مطابق مبینہ فراڈ کا طریقہ بظاہر سادہ تھا، تاہم اس کا دائرہ بہت وسیع تھا۔ ان کے مطابق مقررہ اور انتہائی کم قیمت پر جعلی ڈاک لیبل فروخت کیے گئے، جس کے نتیجے میں صارفین قانونی ڈاک فیس ادا کرنے سے بچتے رہے۔

امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر فروخت کیے گئے 51 لاکھ سے زائد جعلی لیبلز کے نتیجے میں امریکی پوسٹل سروس کو 126 ملین ڈالر سے زیادہ کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔ حکام کے مطابق اس نقصان میں وہ آمدنی بھی شامل ہے جو پوسٹل سروس کو شپنگ سروسز فراہم کرنے کے باوجود حاصل نہیں ہوئی۔

فردِ جرم عائد ہونے کے بعد امریکی پوسٹل سروس نے عدالت سے ویب سائٹ اور اس کے ڈومین کے خلاف کارروائی کی اجازت حاصل کی۔ عدالتی حکم کے تحتLabelsBank.comکو بند کردیا گیا جبکہ اس کا ڈومین بھی امریکی حکام نے ضبط کرلیا۔

امریکی پوسٹل انسپیکشن سروس کے میامی ڈویژن کے انچارج انسپکٹر بلادسمیر روخو نے کہا کہ امریکی حکام کی رسائی ملک کی سرحدوں تک محدود نہیں۔ ان کے مطابق پوسٹل سروس کو مبینہ طور پر دھوکا دینے اور امریکی صارفین کو جعلی ڈاک فروخت کرنے والی بین الاقوامی مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

فہیم اکرم کے خلاف مجموعی طور پر 10 الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ان میں امریکا کو دھوکا دینے اور جعلی ڈاک ٹکٹ بنانے و فروخت کرنے کی سازش کا ایک الزام، جعلی ڈاک ٹکٹ لیبلز بنانے اور فروخت کرنے کے پانچ الزامات جبکہ وائر فراڈ کے چار الزامات شامل ہیں۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق اگر فہیم اکرم کو ان الزامات میں مجرم قرار دیا جاتا ہے تو سازش اور جعلی ڈاک سے متعلق الزامات میں ہر الزام پر زیادہ سے زیادہ پانچ سال قید جبکہ وائر فراڈ کے ہر الزام پر زیادہ سے زیادہ 20 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

اس کیس کی تحقیقات امریکی پوسٹل انسپیکشن سروس کے میامی ڈویژن کی جانب سے جاری ہیں۔

امریکی محکمہ انصاف نے واضح کیا ہے کہ فردِ جرم صرف الزامات کی نشاندہی کرتی ہے اور ملزم کو اس وقت تک بے گناہ تصور کیا جاتا ہے جب تک عدالت میں اس کا جرم شک سے بالاتر ثابت نہ ہوجائے۔