بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، 2 پاکستانی شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج

دفتر خارجہ نے بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کی فائرنگ سے 2 پاکستانی شہریوں کی شہادت پر بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

گزشتہ روز پاک بھارت بین الاقوامی سرحد کے قریب لدھڑ گاؤں سے تعلق رکھنے والے تین مقامی پاکستانی شہری بارڈر پلر سے چند قدم آگے بڑھے تو بھارتی بی ایس ایف اہلکاروں نے مبینہ طور پر انہیں بغیر وارننگ فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں 2 شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق بیڈیاں سیکٹر میں بھارتی بی ایس ایف اہلکاروں نے 2 پاکستانی شہریوں کو فائرنگ کرکے شہید کیا جس پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا۔

دفتر خارجہ نے بھارتی فورسز کی نہتے شہریوں پر فائرنگ کو بلاجواز قرار دے کر جاں بحق شہریوں کو ’درانداز‘ قرار دینے کی بھارتی کوشش بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کہ واقعہ بنیادی انسانی حقوق اور حق زندگی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ نہتے شہریوں کیخلاف طاقت کا استعمال بلاجواز اور انتہائی غیر مناسب تھا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ واقعے نے بین الاقوامی قانون کے تحت شہریوں کے تحفظ سے متعلق سنگین خدشات پیدا کیے، بھارت واقعے کی فوری، شفاف اور قابل اعتماد تحقیقات اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کرے۔

دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو تھمائے گئے احتجاجی مراسلے میں کہا ہے کہ بھارت تحقیقات کے نتائج اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی سے پاکستان کو آگاہ کرے، بھارت بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کا احترام یقینی بنائے اور سرحدی معاملات میں زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرکے ایسے واقعات کی روک تھام کیلیے بھی مؤثر اقدامات کرے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے شہریوں میں عظمت رسول ولد عطااللہ اور محسن جٹ شامل ہیں، دونوں کا تعلق جٹاں والی حویلی، لدھڑ سے بتایا گیا ہے۔ تینوں افراد میں سے کسی نے بھی سرحدی باڑ عبور کرنے کی کوشش نہیں کی تھی۔

مزید پڑھیں:حکومت اپوزیشن مذاکرات کا دوسرا دور جاری؛ لانگ مارچ سمیت اہم فیصلے متوقع

سکیورٹی ذرائع نے بھارتی فورسز کی جانب سے پاکستانی شہریوں پر فائرنگ کو بارڈر معاہدے اور طے شدہ ایس او پیز کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔