بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستانی دستاویزی فلم ’ہینگنگ بائی اے وائر‘ آسکرز 2027 کی دوڑ میں شامل

پاکستان کی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی نے فلم ساز محمد علی نقوی کی دستاویزی فلم ’ہینگنگ بائی اے وائر‘ کو آسکرز 2027 کے لیے ملک کی نمائندگی کرنے والی فلم کے طور پر منتخب کرلیا ہے۔

اس انتخاب کا اعلان پاکستان اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کی ڈپٹی چیئرپرسن ثنا زہرا جعفری نے کینیڈا میں منعقدہ موزیک انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (MISAFF) کے دوران کیا، جہاں فلم کا پریمیئر بھی ہوا۔

کمیٹی کے مطابق ’ہینگنگ بائی اے وائر‘ اکیڈمی ایوارڈز کی بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔ یہ پاکستان کی جانب سے اس کیٹیگری کے لیے کسی دستاویزی فلم کے انتخاب کا پہلا موقع ہے۔فلم کی پاکستان میں ریلیز رواں سال متوقع ہے، تاہم نمائش کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔

’ہینگنگ بائی اے وائر‘ میں اگست 2023 میں خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام میں پیش آنے والے کیبل کار حادثے کو موضوع بنایا گیا ہے۔ اس حادثے میں 6 اسکول طلبہ سمیت 8 افراد دریائے جھانگری سے تقریباً 600 فٹ کی بلندی پر ایک کیبل کار میں پھنس گئے تھے۔

حادثے کے بعد بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور واقعے پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی توجہ مرکوز ہوگئی۔ پاک فوج کے اہلکاروں نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایک شخص کو کیبل کار سے بحفاظت نکال لیا، جبکہ باقی افراد کی مدد کے لیے زِپ لائن کے ماہرین علی سواتی اور صاحب خان کو بھی ریسکیو آپریشن میں شامل کیا گیا۔

تقریباً 12 گھنٹے تک جاری رہنے والی انتہائی مشکل کارروائی کے بعد تمام 8 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

دستاویزی فلم کی تحریر اور ہدایت کاری محمد علی نقوی نے کی ہے جبکہ بلال سمیع اس کے پروڈیوسر ہیں۔ فلم میں حادثے کے عینی شاہدین کی بنائی گئی ویڈیوز، زندہ بچ جانے والے افراد کے بیانات اور واقعے کی سنیماٹک انداز میں دوبارہ عکس بندی شامل کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد حکومت اور اپوزیشن میں پھر ڈیڈ لاک

’ہینگنگ بائی اے وائر‘ کا عالمی پریمیئر 2026 کے سنڈانس فلم فیسٹیول میں ورلڈ سنیما ڈاکیومنٹری مقابلے کے دوران ہوا تھا۔ اس کے بعد فلم کو 2026 کے وسط میں ٹرائی بیکا فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا گیا۔