پنجاب(Punjab) کے دو مختلف شہروں اوکاڑہ اور فیصل آباد میں پیش آنے والے ٹریفک کے دلخراش حادثات میں ایک طالبعلم سمیت 3 نوجوان جاں بحق جبکہ دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
اوکاڑہ میں قومی شاہراہ پر یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے قریب ایک تیز رفتار بس نے راہگیر طلبا کو کچل ڈالا۔ موٹروے پولیس کے مطابق حادثے کے نتیجے میں ایک طالبعلم موقع پر ہی جاں بحق جبکہ تین دیگر طلبا شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
مزیدپڑھیں:یمن کے عدن ایئرپورٹ پر حوثیوں کا بڑا حملہ، 2 بیلسٹک میزائل داغ دیے گئے
دوسری جانب فیصل آباد کے کینال روڈ پر تیز رفتاری کے باعث ایک کار بے قابو ہو کر سیمنٹ کے بیریئر سے ٹکرا گئی۔مدینہ ٹاؤن کا رہائشی 17 سالہ حذیفہ اپنے چار دوستوں کے ساتھ بدھ کو علی الصبح کار پر کینال روڈ سے گزر رہا تھا کہ پیپلز کالونی کے قریب یو ٹرن پر حادثہ پیش آ گیا۔
حادثے میں 17 سالہ حذیفہ اور نثار کالونی کا رہائشی 21 سالہ احمد مرتضیٰ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ کار میں سوار دیگر نوجوانوں میں 26 سالہ جعفر، 22 سالہ شاہ زیب اور ایک 23 سالہ نامعلوم نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی اور لاشوں سمیت الائیڈ اسپتال منتقل کیا، جہاں قانونی کارروائی کے بعد جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی میتیں ان کے لواحقین کے حوالے کر دی گئیں۔









