بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سونے کی قیمتوں میں اضافہ

عالمی مارکیٹ میں جمعہ کو سونے کی قیمتوں(Gold Rates) میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ امریکی ڈالر کی قدر میں کمی اور امریکی ٹریژری بانڈز پر منافع کی شرح گھٹنے سے سونے کی طلب میں اضافہ ہوا، تاہم مہنگائی کے خدشات اور امریکی فیڈرل ریزرو کی آئندہ شرح سود پالیسی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار رہی۔

رپورٹ کے مطابق بدھ کو دو ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچنے کے بعد جمعہ کو اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 0.9 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 4,169.32 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئی۔ اسی طرح امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت بھی 0.9 فیصد اضافے کے بعد 4,194.40 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

ڈالر کی قدر میں حالیہ تیزی رکنے سے دیگر کرنسیوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے ڈالر میں قیمت ادا کیے جانے والا سونا نسبتاً سستا ہوگیا۔ دوسری جانب امریکی 10 سالہ ٹریژری بانڈز پر منافع کی شرح میں مسلسل دوسرے کاروباری سیشن کے دوران بھی کمی دیکھی گئی، جس نے سونے کی قیمتوں کو سہارا دیا۔

کریٹیکل میٹلز کے چیف ایگزیکٹو ٹونی سیج کے مطابق مستقبل میں شرح سود میں ممکنہ اضافے کے خدشات سونے کی قیمتوں پر دباؤ برقرار رکھ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے اور مشرقِ وسطیٰ سے رسد متاثر ہونے کے خدشات کے باعث مہنگائی کا خطرہ اب بھی موجود ہے۔ تاہم مرکزی بینکوں کی جانب سے سونے کی مسلسل خریداری قیمتوں میں بڑی کمی کو روک سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کی توجہ اب آنے والے معاشی اعداد و شمار پر ہوگی، جن سے امریکی مانیٹری پالیسی کے مستقبل کے بارے میں مزید اشارے مل سکتے ہیں۔ یہ اعداد و شمار اکتوبر میں فیڈرل ریزرو کے اجلاس سے قبل مارکیٹ کی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

مزیدپڑھیں:پرائیویٹ سکولز کا نیا تعلیمی سال ایک ماہ قبل شروع کرنے کا فیصلہ

گزشتہ ماہ امریکی مرکزی بینک نے پالیسی شرح سود میں 0.25 فیصد پوائنٹ اضافے کی متفقہ منظوری دی تھی۔ سینٹ لوئس فیڈ کے صدر البرٹو موسلیم نے بھی کہا کہ مہنگائی کو 2 فیصد کے ہدف تک واپس لانے کے لیے شرح سود میں مزید اضافہ ضروری ہوگا، تاہم انہوں نے رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے اجلاس کے ممکنہ فیصلے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

سی ایم ای کے فیڈ واچ ٹول کے مطابق مارکیٹ کے شرکا اکتوبر میں شرح سود بڑھنے کا امکان 18 فیصد جبکہ دسمبر میں اضافے کا امکان 82 فیصد ظاہر کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ سونے کو عام طور پر مہنگائی کے خلاف تحفظ کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے، لیکن شرح سود میں اضافہ اس کی کشش کم کرسکتا ہے، کیونکہ سونا اپنے حامل کو سود یا باقاعدہ منافع فراہم نہیں کرتا۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نومبر میں ہونے والے وسط مدتی کانگریسی انتخابات سے قبل ایران پر حملہ نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان چھ ماہ سے جاری جنگ ختم کرنے کے لیے نتیجہ خیز مذاکرات جاری ہیں۔

دریں اثنا، عالمی مارکیٹ میں دیگر قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ اسپاٹ چاندی 1.1 فیصد بڑھ کر 60 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 2.2 فیصد اضافے کے بعد 1,670.15 ڈالر اور پیلیڈیم 2.1 فیصد اضافے سے 1,146.98 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا۔ تاہم ہفتہ وار بنیاد پر ان تینوں دھاتوں کی قیمتوں میں مجموعی کمی کا رجحان برقرار تھا۔