بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی ارکان ثناء اللہ مستی خیل اور داوڑ کنڈی کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پنجاب پولیس کی تحویل میں موجود اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان قومی اسمبلی ثناء اللہ خان مستی خیل اور داوڑ خان کنڈی کے باضابطہ پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے گرفتار اراکین کو ایوان میں لانے کے شدید مطالبے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یہ اقدام اٹھایا ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے اسپیکر کو خط لکھ کر گرفتار 9 ارکان کو اجلاس میں شرکت کے لیے لانے کی درخواست کی تھی۔ ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اسپیکر نے دونوں اراکین کے پروڈکشن آرڈرز قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور طریقہ کار 2007ء کے قاعدہ 108 کے تحت تفویض کردہ اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے جاری کیے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ پروڈکشن آرڈرز قومی اسمبلی کے جاری اجلاس کے لیے جاری کیے گئے ہیں، تاکہ دونوں اراکین کی ایوان کی کارروائی میں شرکت یقینی بنائی جا سکے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے آرڈرز کی نقول سیکرٹری داخلہ اسلام آباد، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل ہوم سیکرٹری پنجاب، آئی جی پولیس اور چیف کمشنر اسلام آباد سمیت سارجنٹ ایٹ آرمز قومی اسمبلی کو فوری ارسال کر دی ہیں۔ دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 54(1) کے تحت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل 15 اکتوبر کو صبح 11 بجے طلب کر لیا ہے۔