بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے روسی وزیر داخلہ کی ملاقات، سکیورٹی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی اور دوطرفہ سکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی کی صورتِ حال اور پاکستان و روس کے درمیان سکیورٹی کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے سکیورٹی اداروں کے درمیان قریبی روابط کے فروغ اور عملی رابطہ کاری کو بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے روس کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دوسری جانب روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عظیم قربانیوں کا اعتراف کیا۔ دونوں جانب سے آئندہ بھی سکیورٹی اور ادارہ جاتی رابطوں کو مؤثر بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔