بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے اقدام کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے اسے آئین و جمہوریت کے منافی قرار دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے علی زمان ایڈووکیٹ کی وساطت سے پشاور ہائی کورٹ میں باضابطہ درخواست دائر کی ہے۔ ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ وفاق کی جانب سے ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کر کے صوبے کی منتخب اور جمہوری حکومت کو غیر آئینی طریقے سے ختم کیا گیا، جسے ہم نے عدالتِ عالیہ کے سامنے چیلنج کر دیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وفاقی حکومت کے ان تمام اقدامات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے صوبے میں پی ٹی آئی کی جمہوری حکومت کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ ہم نے ہائیکورٹ سے اس اہم آئینی معاملے پر جلد سماعت کی استدعا کی ہے اور پی ٹی آئی آئینی و قانونی دائرے میں رہتے ہوئے اپنی جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گی۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 11 اکتوبر کو صدر مملکت آصف علی زرداری کی باضابطہ منظوری کے بعد آئین کے آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی اور آرٹیکل 234 کے تحت گورنر راج کا اعلان کیا تھا، جس کی وجہ صوبے میں سکیورٹی کی ابتر صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات میں صوبائی حکومت کے مبینہ عدم تعاون کو قرار دیا گیا تھا۔