بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اداکار معمر رانا نے جذباتی انداز میں اپنی طلاق کی خبروں کی تصدیق کر دی

پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور اداکار معمر رانا نے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اپنی طلاق کی تصدیق کر دی ہے، جس پر شوبز برادری اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو میں انتہائی جذباتی انداز اختیار کرتے ہوئے معمر رانا نے انکشاف کیا کہ طلاق کا قانونی عمل آگے بڑھ چکا ہے اور وہ اس سلسلے میں عدالتی دستاویزات پر دستخط بھی کر چکے ہیں۔ تاہم، انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دستخط کرنے کے باوجود دل سے دعا گو ہیں کہ ان کا یہ ازدواجی رشتہ ختم نہ ہو اور برقرار رہے۔ معمر رانا کا کہنا تھا کہ زندگی کے اس انتہائی مشکل مرحلے میں ان کے بھائی ان کے ساتھ کھڑے رہے، لیکن اب ان کی اہلیہ اور بچے ان کے ساتھ نہیں ہیں، جبکہ وہ آج بھی اپنے اہل خانہ سے بے حد محبت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ معمر رانا نے 1998 میں اپنے فلمی کیریئر کے عروج کے دوران مہمناز پرویز سے شادی کی تھی، اور دونوں کی ازدواجی زندگی تقریباً تین دہائیوں پر محیط رہی۔ ان کی دو بیٹیاں ہیں جو اب بڑی ہو چکی ہیں۔ معمر رانا پاکستان فلم انڈسٹری کے ان چند اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے 90ء کی دہائی اور 2000ء کے اوائل میںچوڑیاں ،یہ دل آپ کا ہوا اور مجھ سے دوستی کرو گے جیسی بلاک بسٹر فلموں سے بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔

معمر رانا کے اس جذباتی انٹرویو اور طلاق کی تصدیق کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں اور شوبز انڈسٹری کے دیگر فنکاروں کی جانب سے ردِعمل کا سلسلہ جاری ہے۔ متعدد معروف شخصیات اور اداکار برادری نے اس مشکل وقت میں معمر رانا کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ان کا خاندانی بحران جلد ختم ہو جائے گا۔ اداکار ان دنوں اپنی ذاتی زندگی کے پیچیدہ فیصلوں کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ سفر میں بھی اتار چڑھاؤ کا سامنا کر رہے ہیں اور فلموں کے علاوہ پنجابی تھیٹر کے ساتھ منسلک ہیں۔