وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ افسران نشیبی علاقوں اور برساتی نالوں کی نگرانی کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں بارش کے آغاز کے ساتھ ہی ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے تمام متعلقہ شعبوں کو متحرک کر دیا ہے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام افسران اور عملہ فیلڈ میں موجود ہے تاکہ بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا سکے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے بروقت اور موثر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے نشیبی علاقوں اور برساتی نالوں پر خصوصی ٹیمیں تعنیات کی گئی ہیں جو پانی کے بہاؤ اور سطح کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔ شہریوں کو بھی بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور برساتی نالوں کے قریب نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے سلسلے کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ہے، جس کے پیشِ نظر واسا اور دیگر ریسکیو اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔









