بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

میکسیکو میں 96 سالہ خاتون کی 18 سالہ نوجوان سے انوکھی شادی

عام طور پر شادی کے لیے جوڑوں کے درمیان عمر کا فرق اکثر توجہ کا مرکز بنتا ہے، لیکن میکسیکو میں 96 سالہ خاتون کی 18 سالہ نوجوان سے شادی نے دنیا بھر کو حیران کر دیا ہے اور سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ میکسیکو کی ریاست کینٹانا رو کے علاقے اوتھون پی بلانکو میں ایک 96 سالہ خاتون نے 18 سالہ نوجوان سے شادی رچا لی ہے۔ اس طرح دلہا اور دلہن کی عمر میں 78 سال کا غیر معمولی فرق ہے، جو میکسیکن تاریخ میں درج ہونے والی سب سے زیادہ عمر کے فرق والی شادی بن گئی ہے۔

یہ انوکھی شادی دراصل سال 2025ء میں ہوئی تھی، تاہم اس کا سنسنی خیز انکشاف حال ہی میں میکسیکو کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف اسٹیٹیٹکس اینڈ جیوگرافی کی جانب سے ملکی سطح پر جاری کردہ باضابطہ اعداد و شمار کے ذریعے ہوا ہے۔ سرکاری دستاویزات اور پالیسی کے تحت فی الوقت اس جوڑے کے نام اور دیگر ذاتی تفصیلا ت خفیہ رکھی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ میکسیکو میں سامنے آنے والی یہ واحد دنگ کر دینے والی شادی نہیں تھی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق میکسیکو کے ایک اور علاقے موریلا میں بھی تقریباً اسی نوعیت کی ایک شادی درج کی گئی جہاں دلہن کی عمر 96 سال جبکہ دلہا کی عمر 19 سال تھی، یعنی دونوں کی عمروں میں 77 سال کا واضح فرق تھا۔ اسی طرح ایک اور علاقے میں بھی شادی ریکارڈ ہوئی جہاں دلہا کی عمر 90 سال جبکہ دلہن کی عمر محض 18 سال تھی۔

سرکاری اعداد و شمار جاری ہوتے ہی یہ غیر معمولی خبر بین الاقوامی میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ صارفین کی جانب سے اس پر مختلف نوعیت کے دلچسپ اور حیران کن تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ جہاں کچھ لوگ اسے محبّت کی کوئی حد نہ ہونے اور ذاتی پسند کا معاملہ قرار دے رہے ہیں، وہیں اکثریت اس غیر معمولی اور ریکارڈ توڑ عمر کے فرق پر تعجب کا اظہار کر رہی ہے۔ خبر کے وائرل ہوتے ہی انٹرنیٹ پر میمز اور تبصروں کا ایک طوفان برپا ہے، جس نے عالمی سطح پر شہریوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔