بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سرحد پار سے فائرنگ پر پاک فوج کا جواب: متعدد طالبان اہلکار ہلاک، افغان بیس کیمپ اور کئی چوکیاں تباہ

پاک افغان سرحد(pak afghan border) پر افغان طالبان کی جانب سے کی جانے والی مبینہ بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاکستانی فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد افغان طالبان اہلکاروں کے ہلاک ہونے اور ان کے ایک بیس کیمپ کے مکمل تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز تائدہ سیکٹر، اپر کرم اور غوزگڑھی کے علاقوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ پیش آیا، جو دونوں جانب سے تاحال جاری ہے۔


سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے مبینہ طور پر مسلح دہشت گردوں کو سرحد پار پاکستانی حدود میں داخل کرانے کے لیے پاکستانی سرحدی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

اس اشتعال انگیزی کے جواب میں پاک فوج نے مؤثر اور شدید کارروائی کرتے ہوئے اپر کرم سیکٹر میں افغان طالبان کی ٹاپسر پوسٹ اور شپولا بیس کیمپ پر گولہ باری کی۔

مزید پڑھیں:میانوالی: برقع نہ پہننے پر 13 سالہ لڑکی کا بہیمانہ قتل

ذرائع کے مطابق پاک فوج کے آرٹلری فائر سے افغان طالبان کا شپولا بیس کیمپ مکمل طور پر تباہ ہو گیا جبکہ غوزگڑھی کے علاقے میں کی گئی جوابی کارروائی کے دوران متعدد افغان طالبان اہلکار ہلاک ہو گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کا مزید دعویٰ ہے کہ شدید جوابی فائرنگ کے باعث افغان طالبان کے اہلکار اپنی اہم سرحدی پوسٹ خالی کر کے پسپا ہونے پر مجبور ہو گئے۔

سرحد پر کشیدگی کے باعث تمام متعلقہ سیکٹرز میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور پاکستانی فورسز صورت حال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔