بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نادرا نے عوامی سہولت کیلیے درجنوں نئے سہولت مراکز قائم کردیے

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (Nadra) نے خیبر پختونخوا کے 11 اضلاع میں شہریوں کو سرکاری خدمات کی بہتر اور آسان فراہمی کے لیے 43 سٹیزن فسیلیٹیشن سینٹرز قائم کر دیے۔

دستیاب سرکاری دستاویز کے مطابق یہ اقدام خیبر پختونخوا سٹیزن سینٹرڈ سروس ڈلیوری پروجیکٹ کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد صوبے میں شہریوں کے لیے سرکاری خدمات تک رسائی کو آسان، مؤثر اور سہل بنانا ہے۔

منصوبہ سماجی پالیسی کے شعبے کا حصہ ہے اور اس کے ذریعے شہریوں پر سرکاری خدمات کے حصول کے لیے پیش آنے والی مشکلات کم کرنے اور عوامی سہولت پر مبنی نظام کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

دستاویز کے مطابق منصوبے پر اب تک 72 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ اس کی تکمیل کی مقررہ تاریخ 31 دسمبر 2026 ہے۔

مزید پڑھیں:نادرا کی جدید ڈیوائس : نیا موبائل رجسٹریشن سسٹم متعارف

ورلڈ بینک نے اس منصوبے کے لیے 46 ملین ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی ہے۔ اس رقم کا مقصد خیبر پختونخوا میں شہریوں کے لیے خدمات کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانا اور عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سہولتوں کا دائرہ وسیع کرنا ہے۔
حکام کے مطابق شہری سہولت مراکز کے قیام سے مختلف سرکاری خدمات تک رسائی ایک منظم اور شہری دوست طریقے سے ممکن بنانے میں مدد ملے گی، جبکہ دور دراز علاقوں کے شہریوں کو بھی بنیادی سرکاری سہولتوں کے حصول میں آسانی فراہم کی جا سکے گی۔

خیبر پختونخوا سٹیزن سینٹرڈ سروس ڈلیوری پروجیکٹ کی تکمیل کے بعد صوبے میں شہریوں اور سرکاری اداروں کے درمیان رابطے کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور عوامی خدمات کے معیار میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔