راولپنڈی: کمپیوٹر سائنسز، آئی ٹی، انجینئرنگ اور بائیو ٹیکنالوجی سمیت جدید شعبوں میں طلبہ کی بڑھتی دلچسپی، 2024 کے مقابلے میں داخلوں میں 65.4 فیصد اضافہ
پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی نے سمسٹر خزاں 2026 میں 4500 سے زائد نئے طلبہ کو داخلہ دے کر داخلوں کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ یونیورسٹی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال داخلوں میں 2024 کے مقابلے میں 65.4 فیصد جبکہ 2025 کے مقابلے میں تقریباً 10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
یونیورسٹی کے مطابق خزاں 2023 میں 3000 طلبہ نے داخلہ لیا تھا، جو 2024 میں کم ہو کر 2600 رہ گئے۔ تاہم 2025 میں داخلوں کی تعداد 4100 تک پہنچ گئی، جبکہ خزاں 2026 میں یہ تعداد 4500 سے تجاوز کر گئی ہے۔ جامعہ انتظامیہ نے داخلوں میں اضافے کو ادارے کے تعلیمی اور تحقیقی ماحول پر طلبہ کے اعتماد کا مظہر قرار دیا ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے اس کامیابی پر فیکلٹی، انتظامی افسران اور داخلہ ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پوری یونیورسٹی برادری کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جامعہ میں روایتی زراعت اور لائیو اسٹاک کے ساتھ کمپیوٹر سائنسز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سماجی و قدرتی علوم، مینجمنٹ سائنسز، انجینئرنگ اور بائیو ٹیکنالوجی جیسے جدید شعبوں میں طلبہ کی بڑھتی تعداد ادارے کے تعلیمی و تحقیقی ماحول کی عکاسی کرتی ہے۔
مزید پڑھیں:اسرائیل، عرب دنیا کے صحافیوں کی جاسوسی کا خطرناک اسکینڈل سامنے آ گیا
یونیورسٹی کے ترجمان اور ڈائریکٹر ڈی آئی ٹی ایس ڈاکٹر ندیم احمد ملک نے کہا کہ طلبہ کا جامعہ کا انتخاب اس کی تعلیمی ساکھ، عملی تربیت اور جدید لیبارٹریوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے وائس چانسلر کی قیادت اور اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی مستقبل میں بھی طلبہ کو معیاری تعلیم اور جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔









