بلوچستان(Balochistan) کے اضلاع قلات اور گوادر میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشنز کے دوران فتنہ الہندستان کے 4 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے، جبکہ ضلع گوادر کی تحصیل پسنی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بم کے دھماکے میں پاک فوج کے میجر وجاہت وحید نے جام شہادت نوش کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے ضلع قلات کے علاقے جٹک آباد اور ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الہندوستان کے متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی جو مقامی آبادی کے لیے خطرہ تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اکتوبر 2026 کو سیکیورٹی فورسز نے قلات کے علاقے جٹک آباد میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔ علاقے سے اسلحے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد ہوا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں دہشت گردوں کے خاتمے اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری تھا کہ اس دوران سیکیورٹی فورسز کے دستے کو دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا گیا۔
مزید پڑھیں:مشرق وسطیٰ میں جنگ کے بادل، ایرانی پارلیمنٹ کا اہم ترین عسکری فیصلہ سامنے آ گیا
دھماکے کے نتیجے میں دستے کی قیادت کرنے والے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔ 34 سالہ میجر وجاہت وحید کا تعلق لاہور سے تھا۔ انہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران مادر وطن کے دفاع میں جان قربان کردی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری رہیں گے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔









