خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں سیف سٹی سنٹرل کمانڈ سسٹم کو ڈرون کیمروں اور اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی سے منسلک کردیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملک میں پہلی بار ڈرون یونٹ اور اینٹی ڈرون سسٹم کو سیف سٹی منصوبے سے جوڑا گیا ہے، اینٹی ڈرون نظام اپنے ریڈار ایریا میں اڑنے والے ہر ڈرون کی مانیٹرنگ کرے گا جو 5 کلو میٹر کا علاقہ کور کرنے کے ساتھ آٹو الارم بھی دے گا۔
ڈرون اور اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کو براہ راست مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کر دیا گیا ہے، مشکوک ڈرون ریڈار ایریا میں آتے ہی سیف سٹی کنٹرول روم کو الارم فراہم کرے گا۔
نیا ڈرون سسٹم امن و امان کی جارحانہ اور دفاعی حکمت عملیوں میں معاونت فراہم کرے گا، ڈرون یونٹس سے حساس مقامات، ٹریفک اور جرائم کی 24 گھنٹے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ ڈی آئی خان، بنوں اور لکی مروت میں سیف سٹی کے ساتھ ڈرون نگرانی فعال ہو گی، جدید ٹیکنالوجی سے دہشت گردوں اور مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی ممکن ہو گی۔
سیف سٹی ڈرون سسٹم سے صوبہ بھر میں فضائی نگرانی اور آپریشنز براہ راست دیکھے جا سکیں گے، سیف سٹی ڈرون فیڈ سی ٹی ڈی کو آپریشن ایریا میں مکمل معاونت فراہم کرے گی۔
خیبر پختونخوا میں فروری سے اکتوبر 2026 تک ڈرون حملوں کے اہم واقعات
خیبرپختونخوا میں رواں سال فروری سے اکتوبر کے دوران کواڈ کاپٹر ڈرون حملوں کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے جن میں پولیس چوکیوں، فرنٹیئر کور کی پوسٹوں، دکانوں، مساجد اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔ ان واقعات میں سکیورٹی اہلکاروں اور عام شہریوں سمیت متعدد افراد زخمی اور جاں بحق بھی ہوئے۔
انسٹی ٹیوٹ فار کنفلکٹ مینجمنٹ (آئی سی ایم)کی دستیاب رپورٹ کے مطابق ان واقعات کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
فروری 2026
22 فروری: خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کی وزیر سب ڈویژن میں گمبتی پولیس چوکی کو کواڈ کاپٹر ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں نے ڈرون سے 2 دھماکا خیز مواد گرائے تاہم پولیس کے مطابق کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
27 فروری: بنوں کے علاقے میریان میں ایک مسجد پر کواڈ کاپٹر ڈرون کے ذریعے مارٹر گولہ گرایا گیا جس کے نتیجے میں مسجد میں موجود 5افراد شدید زخمی ہوگئے۔
مارچ 2026
18 مارچ: بنوں کے علاقے جانی خیل میں ایک دکان پر کواڈ کاپٹر ڈرون حملے کے نتیجے میں دکاندار سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق زخمیوں میں سے3کے بارے میں شبہ ظاہر کیا گیا کہ ان کا تعلق عسکریت پسندوں سے تھا۔
جون 2026
21 جون: بنوں کے علاقے تختی خیل میں سیدگی کے قریب فرنٹیئر کور کی ایک چوکی کو کواڈ کاپٹر ڈرون کے ذریعے گولہ گرا کر نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں کے حملے میں نائب صوبیدار کرامت معمولی زخمی ہوئے۔
23 جون: بنوں میں بکا خیل تھانے کی حدود کے علاقے نرمیکھیل میں مبینہ ڈرون حملے کے نتیجے میں چنگچی رکشے کا ڈرائیور آصف اللہ ولد برکت اللہ زخمی ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق زخمی کی عمر 30 سال تھی۔
24 جون: بنوں کے علاقے ہوید میں تھانے کی حدود میں دہشت گردوں نے کواڈ کاپٹر کے ذریعے 2 دھماکا خیز آلات گرائے۔ رپورٹ کے مطابق حملے میں فرنٹیئر کور کے 2 اہلکار، سپاہی غلام زادہ اور سپاہی صدام زخمی ہوئے جبکہ سرکاری گاڑیوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔
جولائی 2026
5 جولائی: بنوں کی تحصیل بکا خیل کے علاقے نرمیکھیل میں کواڈ کاپٹر ڈرون حملے میں 3 شہری زخمی ہوگئے، جن میں 5 سالہ بچہ بھی شامل تھا۔رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں نے ڈرون کے ذریعے دھماکا خیز مواد گرایا۔
7 جولائی: بنوں کے علاقے بکا خیل میں کواڈ کاپٹر ڈرون حملے میں ایک شہری جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے ڈرون سے دھماکا خیز گولہ گرایا تھا۔
17 جولائی: بنوں کے علاقے میریان میں ڈرون حملے کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے۔
31 جولائی: بنوں کی وزیر سب ڈویژن کے علاقے برگنتو میں عسکریت پسندوں کے کواڈ کاپٹر ڈرون حملے میں احمد زئی امن کمیٹی کے2 ارکان جاں بحق اور7 زخمی ہوئے۔
اگست 2026
7 اگست: بنوں کے علاقے جانی خیل میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے پر ڈرون حملہ کیا جس میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں مقامی کمانڈر جمیل عرف سر بنگلہ بھی شامل تھا۔
11 اگست: بنوں میں نالہ کاشو چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کے لیے 3 الگ الگ ڈرون حملے کیے گئے جنہیں پولیس نے ناکام بنا دیا۔
ستمبر 2026
15 ستمبر: بنوں کی وزیر سب ڈویژن کے علاقے پنگ میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے شہریوں کو نشانہ بنایا۔ رپورٹ کے مطابق واقعے میں 2 شہری جاں بحق اور ایک دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ 2 دیگر شہری زخمی ہوگئے۔ حملے میں ڈرون استعمال کیے جانے کی اطلاع دی گئی۔
مزید پڑھیں:سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟
23 اکتوبر: بنوں کے علاقے سردی خیل میں کواڈ کاپٹر ڈرون حملے میں3 کم سن بچے زخمی ہوگئے۔26 اکتوبر: بنوں کی تحصیل بکا خیل کے علاقے سردی خیل میں مبینہ دہشت گردوں کے کواڈ کاپٹر ڈرون حملے میں 65 سالہ مقامی شہری نائب اللہ جاں بحق ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق ڈرون کے ذریعے ایک حجرے پر دھماکا خیز مواد گرایا گیا۔









