عالمی منڈی میں جمعرات کو خام تیل(Crude Oil) کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ امن مذاکرات کی بحالی کی امید اور مشرق وسطیٰ میں تیل کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشات میں قدرے کمی ہے۔
برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 82 سینٹ یا 0.7 فیصد کم ہوکر 114.50 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 1.04 ڈالر یا ایک فیصد کمی کے بعد 101.74 ڈالر فی بیرل رہی۔ بدھ کو برینٹ کی قیمت میں 1.3 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی میں 3 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کے ساتھ امن مذاکرات بحال کرنے کے لیے ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ محسن رضائی کو خط بھیجا ہے۔
تاہم، نومورا سیکیورٹیز کے ماہر معاشیات یوکی تاکاشیما کے مطابق، مذاکرات کی بحالی کی توقعات کے باعث تیل کی فروخت کا دباؤ بڑھا ہے، لیکن قیمتوں میں کمی محدود رہی۔
مزیدپڑھیں:حافظ آباد: تبلیغی اجتماع جانیوالی بس نالے میں گر گئی، 5 افراد جاں بحق
یمن کے حوثیوں کے حملوں میں شدت اور ایران پر امریکی حملے کے خدشات نے قیمتوں کو سہارا دیا۔ سعودی قیادت میں اتحاد نے جمعرات کو کہا کہ اس نے مملکت کے مشرقی علاقے کی جانب داغا گیا حوثیوں کا بیلسٹک میزائل تباہ کردیا۔
دوسری جانب، قطر کے ثالثوں نے ایران کو امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے نئے معاہدے کا مسودہ پیش کیا ہے، تاہم ایرانی عہدیدار نے اسے ناقابل قبول قرار دیا۔
امریکی ادارے کے مطابق، 23 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں خام تیل کے ذخائر 19 لاکھ بیرل کم ہوئے، جبکہ پٹرول کے ذخائر میں 39 لاکھ بیرل اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔









