بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

   الیکشن کمیشن کافیصلہ جانبدارانہ ،سیاسی بحران کا واحدحل شفاف الیکشن ہیں،واثق قیوم عباسی

راولپنڈی(نیوزڈیسک)ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو خلاف میرٹ اور جانبداری پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی کال پر ٞالیکشن کمیشن کے باہر بھرپوراحتجاج کیا جائے گا، ریڈ زون میں داخلے پر پابندی کی آڑ میں حکومت احتجاج روکنے کی جرات نہ کرے۔
پنجاب ہائوس راولپنڈی میں تحریک انصاف کے ایگزیکٹو کونسل اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےواثق قیوم عباسی نے کہاکہ قومی سیاست میں راولپنڈی کا ہمیشہ اہم کردار رہا ہے پنجاب اسمبلی کی ڈپٹی سپیکر شپ راولپنڈی کے نام کرنے پر عمران خان کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں معاشی بدحالی اور سیاسی جمہوری بحران کا واحد حل آزاد ، غیر جانبدارانہ ، شفاف اور فوری انتخابات ہیں موجودہ حالات میں انتخابات کی کوشش میں اگر ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اعتراض لگا دے تو ملک میں بدامنی اور فساد ہی بڑھے گا الیکشن کمیشن کا غیر جانبدار ہونا انتہائی ضروری ہے اس کے بغیر بہتری کی کوئی امید نہیں رکھی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ضمنی انتخابات میں بھی 20میں15سیٹیں ہمیں دی گئی ہیں حالانکہ یہ پوری20سیٹیں ہماری تھیں، الیکشن کمیشن اور سیاسی قبضہ مافیا کے پاس انتخابی دھاندلی کے170طریقے ہیں ہم نے الیکٹرک ووٹنگ مشین اسی لئے متعارف کروائی تھی کہ کم از کم 130طریقے روکے جا سکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں کبھی پولنگ کی شرح30فیصد سے زیادہ نہیں رہی ،لیکن عمران خان کی محبت نے الیکشن کمیشن کو بے بس کر دیا اور پولنگ کی شرح 53فیصد رہی جو ایک ریکارڈ ہے اور اسی وجہ سے الیکشن کمیشن مزید دھاندلی نہیں کر سکا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی حالات ایسے ہیں کہ ہمارے اختیارات یکجا نہیں ہیں اگر ہم پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلی تحلیل کر دیں تو بہتری پھر بھی ممکن نہیں کیونکہ انتخابات تو اسی الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں ہمارا اصل اعتراض ہی یہی ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو ہٹایا جائے۔
تحریک انصاف کی قیادت کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے حوالے سے واثق قیوم نے کہا کہ حکومت ہمارے نام ای سی ایل میں ڈالے یا نہ ڈالے ہم میں سے کوئی ملک چھوڑ کر کہیں نہیں جا رہا۔ تحریک انصاف کا ہر رکن عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے اور ہم یہاں رہ کر حالات کا مقابلہ کریں گے ۔
سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے احتجاج میں بے گناہوں پر گولیاں برسانے اور قتل عام کرنے واقعہ کی تحقیقات کے لئے وزیر اعلیٰ نے خصوصی کمیٹی بنا دی ہے، اور ہم اسی ٹائم پیریڈ میں معصوموں کے قتل پر رانا ثنا ئ اللہ کو جیل بھجوائیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے کسٹوڈین کی حیثیت سے میری کوشش ہو گی کہ ہائوس کو غیر جانبدار طریقے سے چلایا جائے ۔کیونکہ سابقہ ڈپٹی سپیکر نے تو ہائوس کا تقدس پامال کیا لیکن ہم ایوان کی بہتری کے لئے آئے ہیں حکومت کے ساتھ اپوزیشن کی بہتر تجاویز کا بھی خیر مقدم کر کے پنجاب میں مثبت قانون سازی کریں گے لیکن دوسری جانب یہ بات بھی انتہائی مضحکہ خیز ہے کہ جس اسمبلی کا اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض ہو وہاں معاملات کیسے چلیں گے۔
پنجاب میںگورنر راج کے امکانات کو مکمل رد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی میں صرف سی ڈی اے کی حد تک حکومت ہے یہ کبھی گورنر راج لگانے کی جرات نہیں کر سکتے بلکہ اسلام آباد میں حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں ۔