بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی آئی اے کا پہلا بوئنگ 9-787 ڈریم لائنر پاکستان پہنچ گیا

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کا پہلا بوئنگ 9-787 ڈریم لائنر پاکستان پہنچ گیا جس کے ساتھ ہی قومی ایئرلائن کے بیڑے میں جدید وائیڈ باڈی طیارے کی شمولیت کا آغاز ہوگیا۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق طیارہ لندن سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 786 بن کر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا جہاں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر وائس مارشل عامر حیات نے طیارے کا استقبال کیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بوئنگ 9-787 ڈریم لائنر جدید ٹیکنالوجی، دورانِ پرواز تفریحی نظام اور کشادہ و آرام دہ کیبن سے لیس ہے۔ طیارے کی شمولیت پی آئی اے کی آپریشنز کو جدید بنانے اور مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

پی آئی اے نے اکتوبر میں ناروے کی ایئرلائن نورس اٹلانٹک ایئرویز کے ساتھ دو بوئنگ 9-787 ڈریم لائنر حاصل کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔ یہ معاہدہ ایئرکرافٹ، کریو، مینٹیننس اور انشورنس (ACMI) انتظام کے تحت کیا گیا جسے عام طور پر ویٹ لیز کہا جاتا ہے۔

معاہدے کے تحت نورس اٹلانٹک طیاروں کے ساتھ عملہ، دیکھ بھال اور انشورنس کی سہولیات بھی فراہم کرے گی۔ اس انتظام سے پی آئی اے کو تمام آپریشنل ضروریات خود ترتیب دیے بغیر طویل فاصلے کی پروازوں کی گنجائش بڑھانے میں مدد ملے گی۔

ایئرلائن کے مطابق اس معاہدے کا مقصد پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بڑھتی ہوئی سفری طلب پوری کرنا اور بین الاقوامی آپریشنز کو وسعت دینا ہے۔

پی آئی اے کے پہلے اعلان کے مطابق لیز پر حاصل کیے گئے طیارے لندن ہیتھرو اور مانچسٹر سے اسلام آباد اور لاہور کے لیے پروازوں میں مدد فراہم کریں گے۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو عامر حیات نے کہا تھا کہ یہ شراکت داری برطانیہ کے روٹس پر ایئرلائن کی گنجائش بڑھانے، مسافروں کو مزید سفری آپشنز اور بہتر رابطے فراہم کرنے میں معاون ہوگی۔

نورس اٹلانٹک کے چیف ایگزیکٹو ایونڈ روالڈ نے بھی معاہدے کو دیگر ایئرلائنز کے ساتھ اے سی ایم آئی شراکت داریوں کے ذریعے طیاروں کے استعمال کو کمپنی کی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا تھا۔

اس سے قبل وزارت خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا تھا کہ نجکاری کے بعد پی آئی اے کے لیے نئے طیاروں کی خریداری کی خاطر حکومت کی جانب سے کسی قرض یا خودمختار ضمانت کا اعلان نہیں کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مشیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا تھا کہ حکومت نہ تو پی آئی اے کے لیے طیارے خرید رہی ہے اور نہ ہی اس مقصد کے لیے کسی سرکاری ضمانت یا ٹیکس دہندگان کے پیسے سے قرض کی فراہمی کا اعلان کیا گیا ہے۔

بوئنگ 9-787 ڈریم لائنر طویل فاصلے کی پروازوں کے لیے تیار کیا گیا 2 انجنوں والا وائیڈ باڈی طیارہ ہے جسے ایندھن کی بچت اور مسافروں کے آرام کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی آئی اے کے آپریشنز میں شامل ہونے والے طیارے میں 358 مسافروں کی گنجائش ہے۔

مزید پڑھیں:لاہور، ریکی کرنے والا ڈرون سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر کی عمارت سے ٹکرا گیا

پی آئی اے نے حال ہی میں معروف فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین، جنہیں ایچ ایس وائی (HSY) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کو نئے کیبن کریو یونیفارمز ڈیزائن کرنے کے لیے منتخب کیا تھا۔ ایئرلائن کے اعلان کے مطابق نئے یونیفارمز 31 اکتوبر سے استعمال میں آنا تھے جبکہ ان کا پہلا استعمال نئے بوئنگ 9-787 ڈریم لائنر کی لندن سے اسلام آباد آنے والی افتتاحی پرواز پر ہونا تھا۔