بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کیلیفورنیا: 4 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا بوٹوکس اسکینڈل، لیڈی ڈاکٹر کو 15 سال قید

لاس اینجلس :امریکی امریکی ریاست کیلیفورنیا میں فیڈرل جج نے گلینڈیل (Glendale) کی 45 سالہ خاتون ڈاکٹر وائلیٹا میلیان (Violetta Mailyan) کو میڈیکیئر (Medicare) فنڈز میں 4 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی جعلی بلنگ اور مالیاتی فراڈ کے جرم میں 15 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔

فراڈ کا طریقہ کار اور پرتعیش طرزِ زندگی:
امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق وائلیٹا میلیان ہیلتھی وے میڈیکل سینٹر کی مالکہ اور آپریٹر تھیں، جو بظاہر خوبصورتی اور کاسمیٹک علاج کی سہولیات فراہم کرتا تھا۔ فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (FBI) اور انسپکٹر جنرل کے دفتر کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ خاتون ڈاکٹر نے میڈی کیئر کو ہزاروں ایسے بوٹوکس انجیکشنز (Botox Injections) کے کھاتے میں بل بھیجے جو درحقیقت کبھی مریضوں کو لگائے ہی نہیں گئے تھے۔

تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ وائلیٹا اس رقم سے انتہائی پرتعیش زندگی گزار رہی تھیں۔ انہوں نے اس رقم کو میکسیکو، ہوائی، لاس ویگاس اور نیویارک میں تعطیلات منائے جانے کے لیے استعمال کیا۔ تفتیش کاروں نے انکشاف کیا کہ جب وائلیٹا کیبو (Cabo) کے ساحل پر چھٹیاں منا رہی تھیں، اس وقت بھی انہوں نے کیلیفورنیا میں مریضوں کے علاج کے نام پر 2 لاکھ ڈالر سے زائد کی جعلی بلنگ جمع کروائی۔ اس کے علاوہ انہوں نے اس رقم سے ٹیسلا سائبر ٹرک، 12 ہزار ڈالر کی 17ویں صدی کی نایاب کمان (Crossbow) اور ہزاروں ڈالر کی مہنگی پینٹنگز خریدیں۔

تفتیش میں رکاوٹ اور جعلی ریکارڈز:
مئی میں وائلیٹا کو وائر فراڈ کے 9 الزامات اور تفتیش میں رکاوٹ ڈالنے کے 3 الزامات میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔ جب وفاقی اداروں نے ان کے خلاف گھیرا تنگ کیا، تو انہوں نے تفتیش کاروں کو گمراہ کرنے کے لیے طبی ریکارڈ میں جعلی تبدیلیاں کیں اور مریضوں کے دائر کردہ دستخط بھی جعل سازی سے بنائے۔

حد تو یہ ہے کہ انہوں نے ایک ایسے شخص کے علاج کے نام پر بھی بل جاری کیے جو اس دورانیے میں امریکی وفاقی جیل میں قید تھا۔ فیڈرل عدالت نے تمام ثبوت و شواہد کی روشنی میں جرم ثابت ہونے پر ملزمہ کو 15 سال قید اور زبردست مالیاتی جرمانے کی سزا سنائی۔