اسلام آباد : ب فارم یا برتھ سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ کیسے بنوا سکتے ہیں؟ نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (Nadra) نے طریقہ کار واضح کردیا۔
نادرا پوڈکاسٹ میں ترجمان نے قومی شناختی کارڈ بنوانے کے لیے ب فارم یا پیدائشی سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والے افراد کے لیے اہم وضاحت جاری کردی ہے، جس میں پہلی مرتبہ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ حاصل کرنے کے طریقہ کار سے تفصیلی آگاہ کیا گیا ہے۔
نادرا ترجمان سید شباہت علی کے مطابق ایسے افراد جن کے پاس پیدائشی سرٹیفکیٹ موجود ہے، لیکن انہوں نے کبھی ب فارم نہیں بنوایا، وہ 18 سال کی عمر مکمل ہونے کے بعد براہِ راست شناختی کارڈ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے درخواست گزار کے پاس پیدائشی سرٹیفکیٹ کی اصل دستاویز کا ہونا لازمی نہیں، تاہم اسے سرٹیفکیٹ کا رجسٹریشن نمبر معلوم ہونا چاہیے تاکہ نادرا ریکارڈ کی تصدیق کرسکے۔
مزیدپڑھیں:پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے آغاز کی راہ ہموار، 6 سیٹلائٹ کمپنیوں کی رجسٹریشن
دوسری جانب ایسے افراد جن کے پاس نہ ب فارم موجود ہے اور نہ ہی پیدائشی سرٹیفکیٹ، انہیں پہلی مرتبہ نادرا سے رجوع کرنے سے قبل متعلقہ ادارے سے اپنا برتھ سرٹیفکیٹ بنوانا ہوگا۔
ایکی سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پیدائش کے اندراج اور سرٹیفکیٹ کے حصول کے بعد ہی وہ قومی شناختی کارڈ کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
نادرا کی اس وضاحت کا مقصد ان شہریوں کی رہنمائی کرنا ہے جو 18 سال کی عمر مکمل ہونے کے باوجود ب فارم نہ ہونے یا پیدائش کے اندراج سے متعلق دستاویزات کی عدم دستیابی کے باعث شناختی کارڈ بنوانے کے طریقہ کار کے بارے میں تذبذب کا شکار ہیں۔








