بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ،سپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(نیوزڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کےقیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قیام امن کے لیے ضروری ہے کہ آرٹیکل 370 اور 35 اے کو اس کی اصلی صورت میں بحال کیا جاے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا۔اس موقع پر اسپیکر نے کہا کہ مودی سرکار کی فاشسٹ حکومت نے بھارت کے آئین سے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کر کے کشمیری عوام کی تحریک آزادی پر شب خون مارا اور انہیں شناخت سے محروم کر دیا ہے جو عالمی سطح پر کشمیریوں سے کیے گئےوعدوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بالا آرٹیکل کی منسوخی بھارت حکومت کی نفرت انگیز پالیسیوں کی عکاسی ہے۔اسپیکر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور پاکستانی قوم کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے تمام بین الاقوامی اور علاقائی فورموں پر کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور انداز سے لڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور تمام پارلیمانی فورموں پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے پاکستانی قوم اور میڈیا پر یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر زور دیا۔سپیکر نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے اور بھارت پر مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے استعمال کو بند کرنے کےلیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک پر بھارت کی طرف سے عمر قید کی سزا سنائے جانے اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کی سختی سے مذمت کرتے ہوے کہا کہ بھارت اپنے فاشسٹ اقدامات سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نہیں دبا سکتا۔ انہوں نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی وہ یاسین ملک سمیت بھارتی جیلوں میں قید تمام حریت رہنماوں کے رہائی کےلیے اپنا کردار ادا کریں۔ا سپیکر قومی اسمبلی نے اس امید کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں جلد ہی آزادی کا سورج طلوع ہو گا اور وہاں کے لوگ پرامن ماحول میں زندگی گزار سکیں گے۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دیہائیوں سے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد کر رہی ہے اور بھارتی ظلم و بربریت کا مقابلہ کر رہی ہے اور پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی مکمل آزادی تک جدو جہد جاری رہے گی اور پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آرٹیکل 370 اور 35 اے کو اپنی اصل صورت میں بحال کیا جائے اور بھارت کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم بندکیئے جائیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کا فوری حل تلاش کیا جائے تاکہ آنے والی نسلیں سکھ کا سانس لے سکیں۔