بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

“کہانی کی شروعات ہے” مقتولہ اينکر ربيعہ احسن قتل کیس میں شوہر کے بیان پر ساتھی میزبان کا ردعمل

معروف خاتون اينکر ربيعہ احسن کے پراسرار قتل کے کیس میں راولپنڈی پولیس نے ان کے شوہر کو گرفتار کر کے ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں اڈیالہ روڈ پر واقع گھر سے 41 سالہ اینکر پرسن ربیعہ احسن کی گولی لگی لاش برآمد ہوئی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ان کے شوہر احسن طاہر کو باضابطہ طور پر گرفتار کر کے عدالت سے ایک دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کروا لیا ہے۔ مقتولہ کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں درج کروائی گئی ایف آئی آر کے مطابق 8 نومبر کی دوپہر بیڈ روم سے فائر کی آواز آئی، جس پر گھر والوں نے جا کر دیکھا تو ربیعہ خون میں لت پت فرش پر پڑی تھیں اور شوہر کے ہاتھ میں 30 بور کا غیر قانونی پستول موجود تھا۔

خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس افسوسناک واقعے پر مقتولہ کے ساتھی میزبان اور سینئر صحافی عامر متین نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کہانی ابھی ختم نہیں ہوئی بلکہ شاید یہ ابھی شروعات ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ہماری ذمہ داری صرف جنازے کا وقت اور جگہ بتانے تک ہے یا اس محنت کش خاتون کی جدوجہد کو بیان کرنا بھی ضروری ہے؟ عامر متین کا کہنا تھا کہ ربیعہ بینکر، اینکر، ماڈل اور سیلون مالکہ ہونے کے ساتھ ساتھ سیاست و عالمی امور پر عبور رکھنے والی ایک انتہائی قابل اور بہترین انسان تھیں اور پولیس تفتیش سے ہی اصل حقیقت سامنے آئے گی۔

خبر رساں ادارے نے مزید بتایا کہ ابتدائی تحقیقات اور شوہر کے بیان کے مطابق موسم کی تبدیلی پر کپڑے الماری میں رکھتے ہوئے پستول نکلا اور حادثاتی طور پر گولی چل گئی، جبکہ اہل خانہ کے مطابق میاں بیوی کے درمیان ماضی میں کوئی ناچاقی نہیں تھی۔ تاہم ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق گولی ربیعہ کی گردن کے سامنے کے حصے میں لگی ہے جو ان کی موت کا سبب بنی۔ سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کے مطابق جائے وقوعہ سے آلہ قتل برآمد کر کے فارنزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے اور مقدمے میں قتل کی دفعہ 302 کے ساتھ پنجاب آرمز ترمیمی آرڈیننس بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ تمام زاویوں سے بلا امتیاز تفتیش مکمل کی جا سکے۔