لاہور ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر کھڑی ناکارہ بوگی میں آگ لگنے کے بعد پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق لاہور ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 7 پر کھڑی خالی اکانومی کلاس کی ایک ناکارہ بوگی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس پر وہاں موجود ریلوے عملے اور مسافروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی فائر بریگیڈ ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر بروقت اور مؤثر کارروائی کی اور تقریباً 40 منٹ کے اندر آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا۔ حکام کے مطابق آگ دوپہر 12 بج کر 40 منٹ پر لگی جسے 1 بج کر 20 منٹ تک بجھا دیا گیا۔
خبر رساں ادارے نے مزید بتایا کہ واقعے کی فوری تحقیقات کے دوران ریلوے پولیس نے اسٹاف کی معاونت اور نشان دہی پر ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کا باقاعدہ مقدمہ ریلوے پولیس اسٹیشن لاہور میں درج کیا جا رہا ہے اور گرفتار شخص سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ آتشزدگی کی اصل وجہ اور ممکنہ تخریب کاری کے پہلوؤں کا تعین کیا جا سکے اور قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق اس آتشزدگی کے نتیجے میں الحمدللہ کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی ریلوے کا ٹرین آپریشن متاثر ہوا ہے۔ ریلوے انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ لاہور اسٹیشن سے تمام مسافر ٹرینیں اپنے معمول کے طے شدہ شیڈول کے مطابق بلا تعطل رواں دواں ہیں، اس لیے مسافروں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے اور وہ اپنے سفر کی منصوبہ بندی کے مطابق بلا خوف و خطر سفر جاری رکھ سکتے ہیں۔








