بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

یونان کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ، 14 افراد جاں بحق

یونان کے جزیرے کریٹ کے جنوبی ساحل پر تارکین وطن کی ایک کشتی(Boat) ڈوبنے کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 18 افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔

یونانی کوسٹ گارڈز کے مطابق امدادی ٹیموں نے سمندر سے 13 لاشیں نکالیں، جبکہ حادثے میں بچائے گئے چار افراد کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں ایک کم سن بچہ بھی شامل ہے۔ ریسکیو کیے گئے افراد میں سوڈانی باشندے بھی موجود ہیں۔

حکام کے مطابق حادثہ کریٹ کے ساحل سے تقریباً 15 ناٹیکل میل (28 کلومیٹر) دور پیش آیا۔ مراکش کے پرچم بردار ایک کنٹینر بحری جہاز نے سب سے پہلے ڈوبتی ہوئی کشتی کو دیکھا اور متعلقہ حکام کو اطلاع دی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق تارکین وطن کی کشتی کئی روز سے سمندر میں موجود تھی اور شدید ہواؤں اور خراب موسم کے باعث ساحل تک پہنچنے میں ناکام رہی۔ کوسٹ گارڈ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ریسکیو کیے گئے افراد شدید سردی کے باعث کانپ رہے تھے اور ان کی حالت انتہائی تشویشناک تھی۔

یونانی کوسٹ گارڈز نے کریٹ کے حادثے کے علاوہ تین دیگر امدادی کارروائیوں میں مزید 180 سے زائد تارکین وطن کو بچانے کی بھی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب یونان کے شمال مشرقی سرحدی علاقے ایوروس میں پولیس نے ایک مشکوک گاڑی سے 12 تارکین وطن کو بازیاب کرالیا۔

مزیدپڑھیں:ایران کی آبنائے ہرمز کھولنے کے بدلے قطر میں ضبط 8 ارب ڈالر واپس کرنے کی تجویز، قطری وزیراعظم تہران کی تجویز لیکر واشنگٹن پہنچ گئے

پولیس کے مطابق ڈرائیور نے رکنے کے اشارے پر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم تعاقب کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ڈرائیور یونانی شہری ہے۔ پولیس نے گاڑی اور موبائل فون بھی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک 37 ہزار سے زائد تارکین وطن یونان پہنچ چکے ہیں، جو 2025 کے پورے سال کے دوران آنے والے تارکین وطن کی تعداد سے بھی زیادہ ہیں۔

شمالی افریقہ اور مشرق وسطیٰ سے یورپ پہنچنے کے خواہش مند تارکین وطن کے لیے جزیرہ کریٹ ایک اہم بحری راستہ بن چکا ہے۔

رواں برس بحری راستے سے یونان پہنچنے والے ایک لاکھ 86 ہزار 400 تارکین وطن میں سے 22 ہزار سے زائد افراد صرف کریٹ کے ساحلوں پر اترے ہیں۔

تارکین وطن کی بڑھتی ہوئی آمد سے نمٹنے کے لیے یونانی حکومت نے کریٹ کے دارالحکومت ہرکلیون کے قریب ایک عارضی رہائشی کمپلیکس قائم کرنے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا ہے۔