بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مفت کروم بک اسکیم : پرائیویٹ اسکولوں کے طلبا درخواست دے سکتے ہیں یا نہیں؟

اسلام آباد: پرائم منسٹر یوتھ کروم بک اسکیم(Chrome Book Scheme) میں پرائیویٹ اسکولوں کے طلبہ درخواست دے سکتے ہیں یا نہیں ، اس حوالے سوالات اٹھ گئے۔

تفصیلات کے مطابق حکومتِ پاکستان کی جانب سے طالب علموں میں لاکھوں کروم بکس تقسیم کرنے کے پرائم منسٹر یوتھ کروم بک اسکیم کے تحت پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے طلبہ کی اہلیت کے حوالے سے سوالات اٹھ رہے ہیں۔

سرکاری پورٹل پر موجودہ ڈیٹا کے مطابق فی الوقت صرف سرکاری اسکولوں کے طلبہ ہی اس اسکیم کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

آئی بی سی سی کے آفیشل رجسٹریشن پورٹل میں صرف پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے سرکاری اسکولوں کے نویں جماعت کے ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ (سالانہ امتحانات 2026ء کی بنیاد پر) اہل ہیں۔

مزیدپڑھیں:بشریٰ بی بی کی بینائی متاثر ہوچکی ہے: وکیل کا دعویٰ

جب کہ اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے تعلیمی بورڈز سے منسلک دسویں جماعت کے سرکاری اسکولوں کے پوزیشن ہولڈرز بھی اپلائی کر سکتے ہیں۔

اسکیم کے افتتاحی اعلان کے وقت یہ باتیں سامنے آئی تھیں کہ صوبائی ایجوکیشن فاؤنڈیشنز کے تحت چلنے والے پرائیویٹ اسکولوں اور رجسٹرڈ دینی مدارس کے طلبہ کو بھی ڈیوائسز دی جائیں گی۔ تاہم، موجودہ رجسٹریشن پورٹل پر پرائیویٹ اسکولوں کے طلبہ کے لیے درخواست فارم کا کوئی اختیار موجود نہیں ہے۔

حکام نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ افتتاحی تقاریب کے عام اعلانات اور پورٹل پر موجودہ باضابطہ قوانین کے فرق کو سمجھیں، اگر کسی ادارے کی اہلیت کے حوالے سے تذبذب ہو تو اپلائی کرنے سے قبل متعلقہ تعلیمی اتھارٹی یا آئی بی سی سی سے تصدیق کر لیں۔