بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قمر باجوہ سے ہیلو ہائے ہوئی، وقت کیساتھ دشمنی دوستی میں بدل سکتی ہے، بیرسٹر گوہر

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (PTI) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ سے مختصر ملاقات اور مصافحے پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات کو مستقل دشمنی میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے، نفرت کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شادی کی تقریب میں دونوں کے درمیان صرف سلام دعا اور مصافحہ ہوا تھا، اس کے علاوہ کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔

اڈیالہ روڈ راولپنڈی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ گزشتہ ہفتے شادی کی ایک تقریب میں جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ سے ان کا سامنا ہوا تھا، جہاں دونوں نے ایک دوسرے سے محض رسمی طور پر سلام دعا کی۔ اس موقع کی تصویر سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے بعد انہیں پی ٹی آئی کے بعض حامیوں اور پارٹی عہدیداروں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ناقدین نے جنرل باجوہ سے رابطے پر اعتراض کرتے ہوئے ان پر تنقید کی، جبکہ بعض افراد نے پی ٹی آئی چیئرمین سے استعفے کا مطالبہ بھی کیا۔

بیرسٹر گوہر نے اس تنقید کو اپنے خلاف پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ وقت کے ساتھ تعلقات اور حالات بدلتے رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن دوست اور دوست دشمن بن سکتے ہیں، اس لیے نفرت کو ختم ہونا چاہیے اور سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی نہیں بنانا چاہیے۔

بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان

پی ٹی آئی چیئرمین نے اسلام آباد میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح انتخابات میں حصہ لے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کے تین حلقوں کے لیے امیدواروں کو کاغذاتِ نامزدگی تیار کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کسی بھی ریاستی ادارے کے ساتھ تصادم نہیں چاہتی، تاہم تمام اداروں کے سربراہان کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔

عمران خان سے ملاقاتوں سے متعلق عدالتی حکم کا خیرمقدم

پی ٹی آئی چیئرمین نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے اس حکم کا خیرمقدم کیا جس میں جیل میں قید سابق وزیراعظم اور پارٹی بانی عمران خان سے ملاقاتوں کے حوالے سے ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مرتبہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو برس سے عدالتی احکامات پر عمل نہیں کیا جا رہا، جبکہ عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندیوں نے سیاسی کشیدگی میں اضافہ کیا ہے۔

مزیدپڑھیں:آبنائے ہرمز میں حملوں کے خدشات، عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہوگیا

بیرسٹر گوہر نے عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر سلمان صفدر کی عمران خان سے ملاقات کے بعد فراہم کردہ معلومات حوصلہ افزا نہیں تھیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ بھی کیا۔

حکومت سے رابطے برقرار، فی الحال مذاکرات نہیں ہو رہے

حکومت کے ساتھ رابطوں سے متعلق سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حکومت اور وزیر داخلہ سے رابطے برقرار ہیں، تاہم فی الحال کوئی باقاعدہ مذاکرات یا بیک ڈور رابطے نہیں ہو رہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے بات چیت ضروری ہے اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقاتیں، مشترکہ تحریک کا فیصلہ نہیں

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقاتوں کے حوالے سے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ ان کی جماعت کے ساتھ بات چیت مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے تناظر میں ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات اور قومی اہمیت کے معاملات پر دونوں جماعتیں ایک ساتھ کھڑی ہو سکتی ہیں، تاہم اس مرحلے پر کسی مشترکہ تحریک کے بارے میں بات کرنا قبل از وقت ہوگا۔

خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی جمہوری حکومت کا متبادل نہیں

خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ گورنر راج یا ایمرجنسی کسی جمہوری حکومت کا متبادل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے گورنر راج کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا سڑکوں پر احتجاج کے لیے نہ نکلنا اس بات کی دلیل نہیں کہ ان کا غصہ ختم ہو چکا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کے مطابق سیاسی مسائل کا حل جمہوری طریقہ کار اور مذاکرات میں ہے، جبکہ ریاستی اداروں کو آئینی حدود میں رہ کر اپنے فرائض انجام دینے چاہئیں۔