پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں فکسڈ لائن براڈبینڈ سروسز کے معیار کی جانچ کے لیے سروے مکمل کر لیا۔
پی ٹی اے کے مطابق 2026 کی تیسری سہ ماہی کے دوران بڑے شہروں اور گلگت بلتستان میں براڈبینڈ سروسز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
سروے میں براڈبینڈ فراہم کرنے والی کمپنیوں کی کارکردگی مقررہ معیارات کی روشنی میں جانچی گئی، جبکہ نیٹ ورک کی دستیابی، ڈیٹا کی رفتار اور دیگر اہم تکنیکی اشاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔
پی ٹی اے کے مطابق براڈبینڈ نیٹ ورکس میں بینڈوتھ کے استعمال، ڈیٹا کی ترسیل کی رفتار اور صارفین کو فراہم کی جانے والی انٹرنیٹ سہولیات کے عملی معیار کی بھی جانچ کی گئی۔
سروے کے دوران انٹرنیٹ سروسز کے معیار میں خامیوں اور بہتری کے شعبوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق کارکردگی میں خامیاں سامنے آنے پر متعلقہ آپریٹرز کو اصلاحی اقدامات کی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔
پی ٹی اے نے فکسڈ لائن براڈبینڈ سروسز کے معیار میں بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صارفین کو بہتر، معیاری اور قابلِ اعتماد انٹرنیٹ سہولیات فراہم کرنا ترجیح ہے۔








