پاکستان کی سیاست میں ایک مرتبہ پھر نئے سیاسی ارینجمنٹ(Political arrangement) اور ممکنہ تبدیلیوں کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے متبادل ارینجمنٹ کی کوششوں اور بعض سرمایہ دار شخصیات کے سیاسی میدان میں کردار حاصل کرنے کی خواہش سے متعلق بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کی جانب سے بھی متبادل ارینجمنٹ اور نئے لوگوں کی شمولیت کی کوششوں کا ذکر کیے جانے کے بعد یہ سوال اہمیت اختیار کر گیا ہے کہ کیا آنے والے دنوں میں ملک کے سیاسی اور حکومتی ڈھانچے میں کوئی بڑی تبدیلی ہونے جا رہی ہے؟
اس بحث کو اس تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے کہ ماضی میں وزیر داخلہ محسن نقوی متعدد مرتبہ اس نظام کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت کا اظہار کر چکے ہیں۔
ان کے ایسے بیانات نے بھی وقتاً فوقتاً سیاسی اور حکومتی حلقوں میں نظام کی ممکنہ تشکیل نو سے متعلق سوالات کو جنم دیا ہے۔ تاہم موجودہ صورتحال میں کسی نئے انتظام یا حکومتی تبدیلی کے بارے میں تاحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ایک متبادل ارینجمنٹ کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کا مقصد موجودہ حکومت کو بدنام کرکے اس کی جگہ نئی ٹیم لانا ہو سکتا ہے۔
ان کے مطابق بعض سرمایہ دار شخصیات گزشتہ 8 سے 10 ماہ سے سیاسی عدم استحکام کا انتظار کر رہی ہیں اور اب وہ بھی اپنا حصہ حاصل کرنے کے لیے متحرک دکھائی دے رہی ہیں۔
سینیئر تجزیہ کار منیب فاروق نے اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں چند بڑی کاروباری شخصیات ایسی ہیں جنہیں نظام میں عزت اور پہچان حاصل ہے۔
جب کسی شخص کے پاس دولت اور معاشی وسائل آ جاتے ہیں تو بعض اوقات اس کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ سیاست میں بھی اپنا کردار ادا کرے۔
کچھ شخصیات آنے والے دنوں میں سیاسی یا حکومتی عہدہ حاصل کرنے کی خواہش رکھتی ہیں، تاہم خواہشات اور عملی سیاسی پیشرفت میں فرق ہے۔
منیب فاروق کے مطابق اس وقت ملک میں ہائبرڈ نظام چل رہا ہے، جسے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سنبھالا ہوا ہے۔ ان کا واضح کہنا تھا کہ فی الحال نہ کوئی نیا ارینجمنٹ آ رہا ہے اور نہ ہی نئے لوگوں کی حکومتی عہدوں پر شمولیت کا کوئی فیصلہ ہوا ہے۔
اسی طرح پنجاب میں بھی کسی بڑی تبدیلی کے امکانات نہیں اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت کو فی الوقت کوئی خطرہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض کاروباری اور بااثر شخصیات موجودہ نظام میں شامل ہونے کی خواہش ضرور رکھتی ہیں، لیکن جن لوگوں کے نام لیے جا رہے ہیں، ان کی اعلیٰ عسکری قیادت تک رسائی بھی فی الحال موجود نہیں۔
ان کے بقول نظام میں کوئی کردار حاصل کرنے کے لیے محض مالی حیثیت کافی نہیں بلکہ متعلقہ حلقوں تک رسائی بھی اہم سمجھی جاتی ہے۔
سینیئر تجزیہ کار اجمل جامی نے آنے والے 3 ماہ کو ملکی سیاست کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ہے، اس عرصے میں نئے صوبوں کے قیام، آئینی ترامیم اور این ایف سی ایوارڈ سے متعلق معاملات پر اہم پیش رفت متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممکن ہے آئندہ ایک ماہ کے دوران بھی بڑی تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں۔
اجمل جامی کے مطابق انہیں یہ تاثر مل رہا ہے کہ حکمرانوں کو نئے ارینجمنٹ کے حوالے سے اشارے ملنا شروع ہو گئے ہیں، جس کے باعث وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر دفاع کی جانب سے بھی اس معاملے پر کھل کر گفتگو کی جا رہی ہے۔
مزیدپڑھیں:پاکستانی چین کے خلائی اسٹیشن میں داخل، پہلے غیر ملکی خلا باز بنیں گے
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اتحادیوں کے بیانات اور چوہدری سالک حسین کی گفتگو کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جا سکتا ہے۔ تاہم اصل سوال یہ ہے کہ نیا نظام کب، کیسے اور کس شکل میں سامنے آتا ہے؟۔
سینیئر تجزیہ کار عامر الیاس رانا کا کہنا ہے کہ اس وقت اسٹیبلشمنٹ کے وفاقی اور پنجاب حکومت کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں اور معاملات افہام و تفہیم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ ان کے خیال میں دونوں حکومتیں اور اسٹیبلشمنٹ ایک ہی صفحے پر ہیں۔
عامر الیاس رانا نے کہا کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم سے متعلق پیش رفت ہو سکتی ہے، جبکہ 28ویں آئینی ترمیم کا معاملہ بھی ریفرنڈم کے بعد سامنے آ سکتا ہے۔ ان کے مطابق بعض جاری تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سیاسی منظرنامے میں بڑی تبدیلیاں رونما ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے جاری تحقیقات اور وزیر مواصلات سے متعلق نیب اور این سی سی آئی اے کی کارروائیوں کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان معاملات کے مکمل ہونے کے بعد سیاسی کشمکش میں شدت آ سکتی ہے اور آنے والے دنوں میں بڑی سیاسی لڑائی دیکھنے میں آ سکتی ہے۔
ان کے مطابق مولانا فضل الرحمان بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں اور دوسری جانب سے بھی لچک دکھائی نہیں دے رہی۔
عامر الیاس رانا نے کہا کہ مریم نواز کی حکومت پر جب بھی تنقید کی جاتی ہے تو وہ کھل کر اس کا جواب دیتی ہیں۔ اگر چوہدری سالک حسین کو حکومت کی پالیسیوں یا طرز حکمرانی پر اعتراض ہے تو انہیں حکومت میں رہنے کے بجائے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔
نئے ارینجمنٹ کی حقیقت کیا ہے؟
مجموعی طور پر دیکھا جائے تو پاکستان میں نئے سیاسی ارینجمنٹ سے متعلق بحث محض حکومتی تبدیلی تک محدود نہیں بلکہ اس کے ساتھ آئینی ترامیم، نئے صوبوں کے قیام، این ایف سی ایوارڈ، ریفرنڈم اور بااثر کاروباری شخصیات کے ممکنہ سیاسی کردار جیسے معاملات بھی جڑتے دکھائی دیتے ہیں۔
ایک طرف حکومتی شخصیات کے بیانات سے متبادل انتظام کی کوششوں کا تاثر مل رہا ہے تو دوسری جانب تجزیہ کاروں کی رائے اس معاملے پر مختلف ہے۔
بعض کے نزدیک فی الحال کسی فوری تبدیلی کے امکانات نہیں، جبکہ بعض آنے والے 3 ماہ کو فیصلہ کن قرار دے رہے ہیں۔








