امریکا کی جانب سے وینزویلا(Venezuela) میں فوجی کارروائی اور سابق صدر نکولس مادورو کی حکومت کے خاتمے کے چند روز بعد نائب صدر کے ایک قریبی تاجر جان ایڈیسن اور امریکی انتظامیہ کے درمیان کروڑوں ڈالر کے تیل کا معاہدہ طے پایا ہے۔ جس نے تفتیشی حکام کے تحقیقات شروع کرنے پر مجبور کردیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق جنوری میں وینزویلا میں کی گئی کارروائی سے ایک ہفتہ قبل امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مونٹانا کے ایک نجی اسکی اور گولڈ ریزورٹ کا دورہ کیا تھا، جہاں ان کے اور دیرینہ حامی و فنانسر جان ایڈیسن کے طیارے ایک ہی ایئرپورٹ پر موجود دیکھے گئے۔
جان ایڈیسن معروف کموڈٹی ٹریڈنگ کمپنی ’ویٹول‘ کے ایک سینئر تاجر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں وینزویلا کے تیل کے ذخائر کو تیزی سے فروخت کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا، تاہم فریقین نے اس ملاقات کی تردید کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق وینزویلا میں فوجی آپریشن کے محض دو دن بعد پانچ جنوری کو امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے جان ایڈیسن کو ہوسٹن میں ان کے دفتر فون کر کے وینزویلا کا خام تیل عالمی خریداروں کو فروخت کرنے کی پیشکش کی، جسے جان ایڈیسن کے کیریئر کا ایک بڑا اور اعزازی لمحہ قرار دیا گیا۔
امریکی محکمہ توانائی کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ نائب صدر جے ڈی وینس نے کم از کم ایک سال قبل وزیر توانائی کو بتایا تھا کہ جان ایڈیسن توانائی کی صنعت میں ایک قابلِ اعتماد شخصیت ہیں۔
اس فون کال کے فوری بعد ویٹول اور اس کی حریف کمپنی ’ٹرافیگورا‘ کو وینزویلا کا تیل فروخت کرنے کے خصوصی لائسنس مل گئے، جس کے ذریعے دونوں کمپنیوں نے مبینہ طور پر سیکڑوں ملین ڈالر کا منافع کمایا ہے۔
مزیدپڑھیں:عمران خان کا جیل سے اہم پیغام، بڑی تبدیلی کی ہدایت کردی
اس عمل کے بعد امریکی ایوانِ نمائندگان کی اوور سائیٹ کمیٹی کے ڈیموکریٹ رہنما رابرٹ گارسیا نے دونوں کمپنیوں کے سربراہان کو خط لکھ کر انکوائری شروع کر دی ہے اور یہ سوال اٹھایا ہے کہ آیا حکومتی کاروباری معاملات اور لائسنس کے حصول میں ذاتی تعلقات یا پیشگی معلومات کا کوئی عمل دخل تو نہیں تھا۔
رائٹرز کے مطابق عام طور پر بڑے سرکاری معاہدے شفاف مسابقتی عمل کے ذریعے طے پاتے ہیں، تاہم ٹرمپ انتظامیہ نے دفاع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مادورو کے زوال کے بعد وینزویلا کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر تھے۔
معاہدے کے بعد جنوری کے آخر میں جان ایڈیسن وائٹ ہاؤس میں ایک ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی میٹنگ میں ایگزون موبل اور شیورون کے سی ای اوز کے ساتھ نظر آئے، جہاں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی کمپنی دنیا بھر میں وینزویلا کے تیل کی بہترین نرخوں پر فروخت یقینی بنائے گی۔
ریکارڈ کے مطابق جان ایڈیسن ماضی میں جے ڈی وینس اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے لیے بڑی مالی معاونت بھی فراہم کرتے رہے ہیں۔
رواں برس مارچ کے آخر میں جان ایڈیسن نے ویٹول کمپنی سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے اور وہ اب توانائی کی پالیسی کے مشاورتی بورڈ کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔








