بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکہ نے روس سے جنگ بندی مذاکرات میں ثالثی کی درخواست کی ہے، ایران

تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے بعد آبنائے ہرمز کی صورتحال پہلے جیسی نہیں رہے گی۔ ایران اور عمان اس اہم آبی گزرگاہ کی نگرانی کے حوالے سے ایک نئی مفاہمت پر پہنچ چکے ہیں۔

قطری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے باقر قالیباف نے دعویٰ کیا کہ امریکی حکام نے ماسکو کے دورے کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کی درخواست کی تھی۔

قالیباف کے مطابق ایران نے آٹھ ماہ سے جاری تنازع ختم کرنے کے لیے قطر کے ذریعے امریکا کو سات نکاتی امن منصوبہ پیش کیا ہے اور اب تہران واشنگٹن کے جواب کا منتظر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب فیصلہ امریکا کے ہاتھ میں ہے۔

ایرانی اسپیکر نے بتایا کہ مجوزہ منصوبے میں امریکی بحری ناکا بندی اور اقتصادی پابندیوں کا خاتمہ، ایران کے منجمد اثاثوں کی واپسی، تمام محاذوں پر جنگ بندی اور جنگ کے خاتمے کا باضابطہ اعلان شامل ہے۔

ان کے مطابق اگر امریکا طے شدہ نکات کی پابندی کرے اور ایسے مطالبات سے گریز کرے جن سے بداعتمادی میں اضافہ ہو تو معاہدہ ممکن ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ایران کو اب بھی امریکی حکومت پر اعتماد نہیں ہے۔

باقر قالیباف نے کہا کہ آبنائے ہرمز جنگ سے پہلے والی صورتحال میں واپس نہیں آئے گی۔ ان کے بقول ایران اور عمان اس اہم بحری راستے کی نگرانی کے حوالے سے نئی مفاہمت پر پہنچ چکے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کی تو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یمن کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ کسی بیرونی فریق کو یمن کے تنازع میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر سعودی عرب اور یمن کی حکومت دونوں ایران سے مدد طلب کریں تو تہران تنازع کے حل کے لیے معاونت کرنے کو تیار ہے۔

مزید پڑھیں:اے آئی پر بڑھتا انحصار، ذاتی معلومات افشا ہونے کا خدشہ

قالیباف کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ تاہم ایرانی امن منصوبے اور ایران و عمان کے درمیان نئی مفاہمت کی تفصیلات کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔