سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور عوام کو حقیقی اقتدار منتقل کرنے کے لیے چھوٹے صوبوں اور بااختیار مقامی حکومتوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بہاولپور، جنوبی پنجاب اور ہزارہ صوبہ نہ بنانا ایک بڑی سیاسی غلطی ہے۔
سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نےاوکاڑہ میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں چھوٹے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، چھوٹے صوبوں میں بااختیار مقامی حکومتوں کے قیام سے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل اور ملکی ترقی کی رفتار تیز ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہاولپور صوبے کے قیام کا مطالبہ سب سے پہلے انہوں نے کیا تھا جبکہ 9 مئی 2012 کو پنجاب اسمبلی میں بہاولپور صوبے کے قیام کی متفقہ قرارداد منظور ہوئی، مگر بہاولپور اور جنوبی پنجاب کے ساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا۔
محمد علی درانی کا کہنا تھا کہ ہر الیکشن میں صوبے بنانے کے وعدوں پر عوام سے ووٹ لیے جاتے ہیں، مگر عملی اقدامات نہیں کیے جاتے۔ ملکی وسائل عوام کی بجائے حکمرانوں پر خرچ ہو رہے ہیں اور دو خاندان چھوٹے صوبوں کے قیام میں بڑی رکاوٹ ہیں۔
مزید پڑھیں:نواز شریف سے سینیٹر ناصر بٹ کی ملاقات، ملکی سیاست پر تبادلہ خیال
انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کے ذریعے نئے صوبوں کے قیام کی آواز مؤثر ثابت ہو سکتی ہے جبکہ نوجوان چھوٹے صوبے، بااختیار مقامی حکومتیں اور حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں۔ ملکی ترقی کے لیے نوجوانوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔سیمینار میں ضلع بھر سے تعلق رکھنے والے سول سوسائٹی کے نمائندوں، وکلا، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔








