بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ماسکو میں ڈائمنڈ بٹر فلائی فلم ایوارڈز، روسی فلم نے 10 لاکھ ڈالر کا اعزاز جیت لیا

ماسکو : روس کے دارالحکومت ماسکو میں دوسرے بین الاقوامی یوریشیائی فلم ایوارڈز ’’ڈائمنڈ بٹر فلائی‘‘ کی شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں روسی فلم ’’اگست‘‘ نے بہترین فلم کا سب سے بڑا اعزاز حاصل کرلیا، فلم کے تخلیق کاروں کو دس لاکھ امریکی ڈالر مالیت کا دس قیراط کا قیمتی ہیرا دیا گیا۔

تقریب میں پاکستان سمیت 19 ممالک کی 41 فلموں نے حصہ لیا جبکہ پاکستانی فلم ’’میرا لیاری‘‘ کی اداکارہ دنانیر مبین نے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیت کر پاکستان کے لیے اہم بین الاقوامی اعزاز حاصل کیا۔

ماسکو میں معروف روسی فلم ساز نکیتا میخالکوف کے تھیٹر ’’ورکشاپ 12‘‘ میں منعقد ہونے والی تقریب میں مختلف ممالک کے اداکاروں، ہدایت کاروں، پروڈیوسرز اور ثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔

ڈائمنڈ بٹر فلائی ایوارڈز کا اہتمام روسی ثقافتی فاؤنڈیشن نے وزارت ثقافت کے تعاون سے کیا۔ اس بین الاقوامی فلمی منصوبے کے بانی اور مرکزی محرک معروف روسی فلم ساز نکیتا میخالکوف ہیں۔

تقریب کا سب سے بڑا ایوارڈ روسی فلم ’’اگست‘‘ نے حاصل کیا، جس کے ہدایت کار نکیتا ویسوٹسکی اور الیا لیبیدیف ہیں۔

فلم کے پروڈیوسرز کونسٹنٹین ارنسٹ اور اناتولی ماکسیموف نے بہترین فلم کا ایوارڈ وصول کیا، اس موقع پر انہوں نے فلم میں اہم کردار ادا کرنے والے معروف روسی اداکار سرگئی بیزروکوف کو بھی اسٹیج پر مدعو کیا۔

بہترین فلم کے فاتحین کو دس قیراط کا قیمتی ہیرا دیا گیا، جس کی مالیت دس لاکھ امریکی ڈالر ہے۔

کونسٹنٹین ارنسٹ نے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے یوریشیائی فلم اکیڈمی کا شکریہ ادا کیا اور سوویت سینما کی روایات کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ سوویت سینما نے اعلیٰ فنی معیار قائم کیے جن سے موجودہ روسی فلم ساز آج بھی رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔

اناتولی ماکسیموف نے بھی ایوارڈ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلم ’’اگست‘‘ کی تیاری کے دوران ان کی کوشش تھی کہ سوویت اور جدید روسی سینما کی بہترین روایات کو یکجا کیا جائے۔

فلم ’’اگست‘‘ نے بہترین آرٹ ڈائریکشن کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔ اس شعبے میں سرگئی آگن، ولادیمیر گودیلن اور یولیا ماکوشینا کو اعزاز دیا گیا۔

روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ڈائمنڈ بٹر فلائی ایوارڈز کے شرکا کے نام خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا۔

صدر پوتن نے کہا کہ یوریشیائی اکیڈمی آف سینماٹوگرافک آرٹ کا منصوبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور روس سمیت مختلف ممالک کی ثقافتی زندگی میں نمایاں مقام حاصل کرچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینما، ثقافت اور انسانی روابط میں تعاون مختلف ممالک کے درمیان اعتماد پیدا کرنے اور ایک دوسرے کے بارے میں قائم تصورات کو بہتر بنانے کی مضبوط بنیاد ہے۔

صدر پوتن کے مطابق روس ان تمام ممالک کے ساتھ ثقافتی تعاون کے لیے تیار ہے جو عوام اور ریاستوں کے درمیان مکالمے کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

روسی وزیر ثقافت اولگا لیوبیمووا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈائمنڈ بٹر فلائی ایوارڈز کا دائرہ مسلسل وسیع ہو رہا ہے اور اس سال 19 ممالک کے باصلاحیت فنکار اس تقریب میں شریک ہیں۔

پاکستانی اداکارہ دنانیر مبین بہترین اداکارہ قرار۔دوسرے ڈائمنڈ بٹر فلائی ایوارڈز میں پاکستان نے بھی اہم کامیابی حاصل کی۔

پاکستانی فلم ’’میرا لیاری‘‘ کی اداکارہ دنانیر مبین کو بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا، انہیں یادگاری ٹرافی کے ساتھ پانچ قیراط کا قیمتی ہیرا بھی دیا گیا، جس کی مالیت ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر ہے۔

دنانیر مبین نے تقریب میں اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اتنے بڑے بین الاقوامی اعزاز کی توقع نہیں تھی۔

انہوں نے بتایا کہ فلم ’’میرا لیاری‘‘ ان کے لیے اور فلم کی پوری ٹیم کے لیے خصوصی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ اس میں ایسی خواتین کی جدوجہد دکھائی گئی ہے جو اپنے جائز حقوق حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔

پاکستان کی دوسری فلم ’’ویلکم ٹو پنجاب‘‘ بھی ڈائمنڈ بٹر فلائی ایوارڈز کے لیے نامزد فلموں میں شامل تھی۔

روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ ماسکو میں پاکستانی اداکارہ کا بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنا پاکستان کے لیے بڑے فخر اور خوشی کی بات ہے۔

فلم ’’میرا لیاری‘‘ کے ہدایت کار ابو علیحہ نے بھی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور اس کا کریڈٹ فلم کی پوری ٹیم اور بالخصوص دنانیر مبین کو دیا۔

دوسری پاکستانی فلم ’’ویلکم ٹو پنجاب‘‘ کی نمائندگی کرنے والے صفدر ملک نے دنانیر مبین کی کامیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال مزید بھرپور تیاری کے ساتھ اس بین الاقوامی فلمی تقریب میں شرکت کریں گے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے بھی ڈائمنڈ بٹر فلائی ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کی۔

تقریب کے ریڈ کارپٹ پر دنیا نیوز کے نمائندے شاہد گھمن نے ان سے پاکستانی فلموں کی شرکت کے حوالے سے سوال کیا۔

ماریہ زخارووا نے مختلف ممالک کے فنکاروں اور فلم سازوں کی شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بین الاقوامی فلم ایوارڈ میں پاکستان کی نمائندگی بھی ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے اداکاروں، ہدایت کاروں اور فلم سازوں کی موجودگی اس تقریب کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔

ماریہ زخارووا نے تقریب کے دوران بہترین موسیقار کے ایوارڈ کا اعلان بھی کیا، جو بھارتی موسیقار ایم ایم کیراوانی نے فلم ’’دی گریٹ تنوی‘‘ کے لیے حاصل کیا۔

بھارتی موسیقار تقریب میں شریک نہیں ہوسکے۔ ماریہ زخارووا نے بتایا کہ ان کا ایوارڈ سفارتی ذرائع سے بھارت پہنچایا جائے گا اور انہیں نئی دہلی میں روسی سفارت خانے میں اعزاز وصول کرنے کی دعوت دی جائے گی۔

کیوبا، قازقستان، کرغزستان، ایران اور دیگر ممالک کے فنکاروں کی کامیابیاں۔ڈائمنڈ بٹر فلائی ایوارڈز میں مختلف ممالک کے فنکاروں کو ان کی نمایاں کارکردگی پر اعزازات دیے گئے۔

کیوبا کی فلم ’’کالے 232‘‘ نے یوریشیائی خطے سے باہر کے ملک کی بہترین فلم کا ایوارڈ حاصل کیا۔ یہ اعزاز فلم کی پروڈیوسر یانین مارٹینیز نے وصول کیا۔

کرغزستان کے 25 سالہ ہدایت کار کانی بیک کالماتوف کو فلم ’’آئتماتوف‘‘ کے لیے بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈ نوجوان فلم سازوں کو اپنے خوابوں پر یقین رکھنے اور مزید کامیابیوں کے لیے محنت کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔

قازقستان کے ژاسولان کوپبرگین نے فلم ’’ری اسٹارٹ‘‘ کے لیے بہترین اداکار کا اعزاز حاصل کیا۔

ایران کے علی رضا معتمدی نے فلم ’’دی فیری لیڈیز ڈاٹر‘‘ کے لیے بہترین اسکرین پلے کا ایوارڈ جیتا۔

قازقستان کے الیگزینڈر پلوٹنیکوف کو فلم ’’ایویکیویشن‘‘ کے لیے بہترین سینماٹوگرافی کا اعزاز دیا گیا۔

سربیا کی سلادجانا زرنیچ کو فلم ’’ہینڈ آف جسٹس‘‘ کے لیے بہترین معاون اداکارہ جبکہ بیلاروس کے رومان ناؤمووچ کو فلم ’’ٹرننگ پوائنٹ‘‘ کے لیے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ ملا۔

تقریب میں روس کی معروف اداکارہ الیسا فرائنڈلخ کو عالمی سینما کے لیے ان کی طویل خدمات کے اعتراف میں خصوصی ڈائمنڈ بٹر فلائی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

الیسا فرائنڈلخ جب اسٹیج پر آئیں تو شرکا نے کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں اور ان کی فنی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں ہمیشہ فلم اور تھیٹر میں وہ کام کرنے کا موقع ملا جس سے وہ محبت کرتی تھیں اور انہوں نے اپنے فن سے بھرپور لطف اٹھایا۔

منتظمین کے مطابق ڈائمنڈ بٹر فلائی کی یادگاری ٹرافیاں روسی فنکار یوری کوپر نے ڈیزائن کی ہیں۔

ان ایوارڈز کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ فاتحین کو یادگاری ٹرافیوں کے علاوہ قیمتی قدرتی ہیرے بھی دیے جاتے ہیں۔

اس سال مختلف کیٹیگریز کے فاتحین کے لیے پانچ قیراط سے زائد وزن کے 11 قیمتی ہیروں کا انتخاب کیا گیا۔

پانچ قیراط کے ہر ہیرے کی مالیت تقریباً ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر جبکہ بہترین فلم کے لیے دس قیراط کے ہیرے کی مالیت دس لاکھ امریکی ڈالر مقرر کی گئی۔

منتظمین کے مطابق ان ہیروں کا انتخاب ان کے وزن، شفافیت، رنگ اور روسی تراش کے اعلیٰ معیار کی بنیاد پر کیا گیا۔

قیمتی ہیروں کی حفاظت کی ذمہ داری روس کے نیشنل گارڈ کے اہلکاروں کو سونپی گئی، جو ان کی روس سے روانگی تک حفاظتی انتظامات کی نگرانی کریں گے۔

پاکستانی نوجوان فلم سازوں کی بین الاقوامی تربیتی پروگرام میں شرکت

ڈائمنڈ بٹر فلائی ایوارڈز کے بانی نکیتا میخالکوف نے تقریب میں بتایا کہ یوریشیائی فلم اکیڈمی کے تحت نوجوان فلم سازوں کے لیے ایک خصوصی بین الاقوامی تربیتی پروگرام بھی منعقد کیا گیا۔

تین ہفتوں پر مشتمل اس پروگرام میں پاکستان، روس، چین، ایران، بیلاروس، وینزویلا، ایتھوپیا اور جنوبی افریقہ کے نوجوان فلم سازوں نے حصہ لیا۔

شرکا نے فلم سازی کی تربیت حاصل کی، تجربات کا تبادلہ کیا اور ماہرین کی زیر نگرانی ماسٹر کلاسز میں شرکت کی۔

تربیتی پروگرام کے اختتام پر شرکا نے تین منٹ دورانیے کے فلمی منصوبے بھی تیار کیے۔

نکیتا میخالکوف نے کہا کہ اکیڈمی کا مقصد ان ممالک کے باصلاحیت فلم سازوں کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانا ہے جن کی فلموں کو عالمی سطح پر مناسب توجہ نہیں ملتی۔ڈائمنڈ بٹر فلائی ایوارڈز کی پہلی تقریب گزشتہ سال منعقد ہوئی تھی۔

منتظمین کے مطابق اس کے بعد شریک فلموں کی نمائش روس کے 36 شہروں کے علاوہ بیلاروس، بھارت، سربیا، چین، لاؤس، برازیل، فرانس اور اٹلی میں بھی کی گئی۔

اس سال کی تقریب کا آغاز روسی اکیڈمی آف میوزک کے سمفنی آرکسٹرا کی پرفارمنس سے ہوا۔

مزید پڑھیں:سپریم کورٹ میں زیر التوا فوجداری مقدمات نمٹانے کے لیے اہم فیصلہ

مارینسکی تھیٹر کی معروف رقاصہ کرسٹینا شاپران نے تتلی کی پرواز کی عکاسی کرتی خصوصی پرفارمنس پیش کی، جبکہ آرکسٹرا کے موسیقار فلپ کاراندیف نے بیتھوون کی مشہور دھن ’’مون لائٹ سوناٹا‘‘ پیش کی۔