پاکستان تحریک انصاف (PTI )کے سینیئر رہنما اور سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، پی ٹی آئی نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی بھی حامی ہے۔
نجی خبررساں ادارے کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے، ہم نے ممکنہ 28 ویں آئینی ترمیم کو مسترد کیا ہے نہ ہی قبول کیا ہے۔
ہمارا مؤقف واضح ہے کہ صوبوں کا قیام انتظامی بنیادوں پر ہونا چاہیے، حکومت کے ساتھ مذاکرات کا مقصد صرف عمران خان کی رہائی نہیں بلکہ آئین و قانون کی بالادستی اور انصاف کا حصول ہے۔
بیرسٹر علی ظفر کے مطابق عمران خان کی ہدایات واضح ہیں کہ اصولوں پر سمجھوتا کیے بغیر بات چیت اور سیاسی معاملات کو آگے بڑھایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا وژن اور سیاسی مؤقف وہی ہے جو وزیراعظم بننے کے وقت تھا۔
28 ویں آئینی ترمیم پر پی ٹی آئی کا مؤقف واضح
28 ویں آئینی ترمیم اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قیاس آرائیوں پر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ابھی تک مجوزہ آئینی ترمیم کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں، اس لیے اس پر حتمی رائے دینا قبل از وقت ہوگا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اگر حکومت آئین کے موجودہ طریقہ کار کے تحت نئے صوبے بنانا چاہتی ہے تو اس کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلیوں کی دو تہائی اکثریت کے ساتھ قومی اسمبلی اور سینیٹ کی منظوری بھی درکار ہوگی۔
تاہم اگر حکومت نئے صوبوں کے قیام کا طریقہ کار تبدیل کرنا چاہتی ہے تو آئین میں متعدد ترامیم کرنا پڑیں گی، جسے انہوں نے آئین کی بڑی سرجری سے تعبیر کیا۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نئے صوبوں کے قیام کے اصولی مؤقف کی حامی ہے، تاہم صوبے نسلی یا لسانی بنیادوں پر نہیں بلکہ انتظامی وجوہات کی بنیاد پر بننے چاہییں۔ اس کے ساتھ نئے صوبوں کے لیے مالی وسائل اور مالیاتی پیکیج کا واضح ہونا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 28ویں آئینی ترمیم کو مکمل طور پر مسترد کیا ہے اور نہ ہی قبول کیا ہے۔ جب مجوزہ ترمیم کی تفصیلات سامنے آئیں گی تو پارٹی ان کا جائزہ لے گی اور اگر اصولوں کے مطابق بات آگے بڑھانے کی گنجائش ہوئی تو مذاکرات بھی کیے جا سکتے ہیں۔
ان کے مطابق عمران خان سے ملاقات میں اس معاملے پر عمومی گفتگو ضرور ہوئی تھی، تاہم کسی حتمی فیصلے یا مذاکراتی حکمت عملی کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی۔
پارٹی کی نئی حکمت عملی، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع
پی ٹی آئی کے تنظیمی ڈھانچے اور عمران خان کی جانب سے پارٹی رہنماؤں کو نئی ذمہ داریاں دینے کے حوالے سے بیرسٹر علی ظفر نے بتایا کہ ملاقات میں انہیں بھی بعض ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، تاہم یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ پارٹی میں فوری طور پر کوئی بڑی تنظیمی تبدیلی کی گئی ہے۔
ان کے بقول عمران خان نے بعض اسٹریٹجک فیصلوں اور آئندہ لائحہ عمل پر رہنمائی دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پیر کو منعقد ہوگا، جس میں عمران خان کی ہدایات اور سیاسی و پارلیمانی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
اس اجلاس کے بعد پارٹی کے آئندہ اقدامات اور فیصلوں کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔ اُنہوں نے کہا کہ عمران خان نے انصاف لائرز فورم کو فعال کردار ادا کرنے کے حوالے سے ہدایات دی ہیں۔
جے یو آئی سمیت اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات
جمعیت علمائے اسلام (ف) سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ جے یو آئی کے ساتھ پارلیمنٹ کے اندر پی ٹی آئی کا اتحاد موجود ہے، جس سے عمران خان بھی آگاہ ہیں اور انہوں نے اس کی توثیق کی ہے۔
تاہم پارلیمنٹ سے باہر جے یو آئی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات اور سیاسی روابط آگے بڑھانے کا اختیار تحریک تحفظ آئین پاکستان (ٹی ٹی اے پی) کو دیا گیا ہے۔
ان کے مطابق اپوزیشن لیڈر اور دیگر رہنما اس فورم کے ذریعے سیاسی رابطوں کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اس حوالے سے کوئی پابندی عائد نہیں کی اور نہ ہی کسی مخصوص جماعت کے ساتھ مذاکرات سے منع کیا ہے۔ عمومی ہدایت یہی ہے کہ اس فورم کو استعمال کرتے ہوئے سیاسی معاملات کو آگے بڑھایا جائے۔
مذاکرات کا مقصد صرف عمران خان کی رہائی نہیں
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے بنیادی نکات کی وضاحت کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ اگر مذاکرات کے حتمی مقصد کو دیکھا جائے تو اسے صرف عمران خان کی رہائی تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔
ان کے مطابق اصل مقصد عمران خان، ان کی اہلیہ، خاندان اور دیگر سیاسی رہنماؤں کو انصاف کی فراہمی اور ملک میں آئین و قانون کی بالادستی یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عدالتوں کے ذریعے انصاف حاصل کرنا چاہتی ہے اور مذاکرات میں بھی یہی بنیادی اصول پیش نظر رہیں گے۔
190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کی ہدایات کے مطابق قانونی جنگ آگے بڑھائیں گے
190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعتوں میں مسلسل التوا اور عدالتی کارروائی میں تاخیر کے حوالے سے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ اس کی ایک بڑی وجہ عمران خان کی اپنے وکلا سے ملاقات نہ ہونا تھی، کیونکہ کسی بھی مقدمے میں مؤثر قانونی دفاع کے لیے وکیل اور مؤکل کے درمیان مشاورت ضروری ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ ملاقات کے دوران وکلا کو عمران خان کی جانب سے مقدمے کے حوالے سے ضروری ہدایات مل گئی ہیں۔ اب بیرسٹر لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر دیگر قانونی ماہرین کی مشاورت اور معاونت سے مقدمے کی پیروی آگے بڑھائیں گے۔
تاہم انہوں نے مقدمے کے حتمی فیصلے کے لیے کوئی وقت مقرر کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ اس نوعیت کے مقدمات میں تفصیلی بحث اور متعدد قانونی درخواستوں پر کارروائی کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب مقدمے کے تمام حقائق اور قانونی پہلو عدالت کے سامنے آئیں گے تو پی ٹی آئی کے مؤقف کے مطابق اس کیس کی کمزوریاں واضح ہو جائیں گی۔
خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت
خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور صوبائی حکومت کی بحالی کے حوالے سے سوال پر بیرسٹر علی ظفر نے بتایا کہ عمران خان کو اس معاملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ اس معاملے پر قانونی طریقہ کار کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے اور عدالتوں میں اپنے مؤقف کا دفاع کیا جائے۔
بیرسٹر علی ظفر کے مطابق عمران خان کو اس معاملے کے آئینی پہلوؤں اور پیش آنے والی صورتحال کا علم ہے اور انہوں نے متعلقہ رہنماؤں کو قانونی راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بیرسٹر علی ظفر نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ عمران خان کی حالیہ ملاقات میں پارٹی کے قانونی، سیاسی اور تنظیمی معاملات پر اہم رہنمائی حاصل ہوئی ہے، تاہم آئندہ سیاسی حکمت عملی اور فیصلوں کی حتمی شکل پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں طے کی جائے گی۔
سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ عمران خان سے اڈیالہ جیل میں وکلا کی حالیہ ملاقات غیر معمولی اہمیت کی حامل تھی۔ تقریباً 14 ماہ بعد پہلی مرتبہ کسی وکیل کو ان سے طویل ملاقات کا موقع ملا اور یہ ملاقات 3 سے 4 گھنٹے تک جاری رہی، جس میں قانونی معاملات، صحت، پارٹی امور اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عمران خان کی صحت کے حوالے سے اُنہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت کے حوالے سے صورتحال تشویشناک ہے اور ان کا بلڈ پریشر 192 تک پہنچ چکا ہے، جو انتہائی خطرناک صورتحال ہے اور اس سے دل کے عارضے یا دماغی شریان پھٹنے جیسے سنگین طبی مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ عمران خان نے اپنی صحت کے حوالے سے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ان کے علاج معالجے کے انتظامات کیے جائیں اور اس عمل میں ماہر ڈاکٹروں کے ساتھ ان کے اہل خانہ کو بھی شامل کیا جائے تاکہ علاج کے معیار اور طریقہ کار کی نگرانی ممکن ہو سکے۔
عمران خان کی صحت پر شدید تشویش، بشریٰ بی بی کے علاج کا معاملہ بھی زیر بحث
بیرسٹر علی ظفر کے مطابق ملاقات میں سب سے اہم معاملہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت کا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان کا بلڈ پریشر مسلسل اتار چڑھاؤ کا شکار ہے اور ایک موقع پر 192 تک پہنچ چکا ہے۔ یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔
عمران خان نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ان کے علاج کے لیے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم مقرر کی جائے اور سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ان کے اہل خانہ کو بھی علاج کے عمل میں شامل کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان نے خود اسپتال منتقل ہونے کی کوئی خواہش ظاہر نہیں کی بلکہ ان کا بنیادی مطالبہ یہ ہے کہ علاج ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہو اور ان کے اہل خانہ کو بھی اس حوالے سے مشاورت اور نگرانی کا موقع دیا جائے۔
بیرسٹر علی ظفر نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کی آنکھوں کا معاملہ بھی انتہائی سنجیدہ ہے اور ان کا آپریشن متوقع ہے۔
ان کے مطابق بشریٰ بی بی کو ضمانت ملنی چاہیے تاکہ وہ جیل سے باہر آکر اپنا علاج کرا سکیں۔ اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
حکومتی اقدامات ابھی اعتماد سازی کے ابتدائی مرحلے میں ہیں
عمران خان کی وکلا سے طویل ملاقات اور ان کی بہنوں کی رہائی سے متعلق سوال پر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ یہ پیشرفت خوش آئند ہے، تاہم اسے حکومت کی جانب سے باقاعدہ اعتماد سازی کے اقدامات قرار دینے میں ابھی احتیاط کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ عدالت (اسلام آباد ہائیکورٹ) میں موجود تھے اور یہ واضح تھا کہ ملاقات کا حکم عدالت نے دیا تھا، جس پر حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے عملدرآمد کیا۔
ماضی میں سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد نہیں کیا گیا تھا، اس لیے حالیہ پیش رفت کو مثبت قرار دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بہنوں کی رہائی بھی خوش آئند ہے، لیکن اسے حکومت کی طرف سے کسی رعایت یا احسان کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے کیونکہ انہیں غیر معینہ مدت تک حراست میں نہیں رکھا جا سکتا تھا۔
بہتر ہوتا کہ انہیں پہلے ہی رہا کر دیا جاتا، تاہم اب اس اقدام سے سیاسی ماحول میں بہتری کی امید پیدا ہوئی ہے۔








