بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارتی فضائیہ کا اہلکار خفیہ دستاویزات پاکستان کو فراہم کرنے کے الزام میں دھر لیا گیا

بھارتی فضائیہ کے ایک ونگ کمانڈر(Wing Commander) پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے نازیبا تصاویر کے عوض مبینہ پاکستانی انٹیلیجنس ادارے سے منسلک ایک اہلکار کو انتہائی حساس فوجی معلومات فراہم کیں، جن میں خفیہ جنگی منصوبے، ڈرون یونٹس کی صلاحیتیں، جنگی طیاروں کی تعیناتی اور حساس فوجی تنصیبات کے مقامات شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس نے اپنی چارج شیٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ملزم ونگ کمانڈر نے 12 جنوری سے یکم اپریل 2026 کے دوران واٹس ایپ کے ذریعے پاکستانی آپریٹو سے رابطہ رکھا اور اس عرصے میں متعدد خفیہ فوجی دستاویزات اور معلومات اس کے ساتھ شیئر کیں۔

پولیس کے مطابق ملزم گزشتہ 5 ماہ سے آفیشل سیکرٹس ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں زیر حراست ہے، یکم اپریل کو اسے اپنے دفتر میں اسمارٹ فون لے جانے پر روک کر تلاشی لی گئی تھی۔

چارج شیٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستانی آپریٹو نے ونگ کمانڈر کو ایک نازیبا تصویر بھیجی، جس کے جواب میں افسر نے بھارتی فضائیہ کے خفیہ جنگی منصوبے کا ایک صفحہ فراہم کیا۔


پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر یہ پیشکش بھی کی تھی کہ اسے ملنے والی ہر برہنہ تصویر کے بدلے وہ جنگی منصوبے کی دستاویزات کا ایک صفحہ فراہم کرے گا۔

کون سی خفیہ معلومات فراہم کی گئیں؟
دہلی پولیس کی چارج شیٹ کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر پاکستانی آپریٹو کو بھارتی فضائیہ کے ایک خفیہ ڈرون یونٹ کی افرادی قوت، تنظیمی ڈھانچے اور آپریشنل طریقہ کار سے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔

مبینہ طور پر فراہم کردہ معلومات میں ڈرونز کے تجربات، آپریشنل صلاحیت، مسلسل پرواز کی مدت اور ہتھیاروں کو ہدف پر نشانہ بنانے کے نظام کی تفصیلات بھی شامل تھیں۔

مزیدپڑھیں:بالی ووڈ اداکار گووندا اوراداکارہ کومل رانی کی نئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

پولیس کے مطابق ملزم نے جنگی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں مذکورہ ڈرون یونٹ کی ممکنہ تعیناتی کے مقامات سے بھی آگاہ کیا، اس کے علاوہ لیہہ میں لڑاکا طیاروں کی تعیناتی اور راجستھان کے شہر سورت گڑھ میں مہاجن فیلڈ فائرنگ رینج پر ہونے والی فوجی مشقوں کی تفصیلات بھی مبینہ طور پر شیئر کی گئیں۔

چارج شیٹ میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزم نے حساس فوجی تنصیبات کے مقامات اور جنگ کے دوران فوجی دستوں کی تعیناتی سے متعلق معلومات بھی فراہم کیں، جن کے افشا ہونے سے فوجی آپریشنز اور تنصیبات کی سلامتی کو خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔

ماتحت افسران کے موبائل فونز تک رسائی کی کوشش
اس معاملے کا ایک اور اہم انکشاف یہ سامنے آیا ہے کہ پاکستانی آپریٹو نے مبینہ طور پر ملزم کو مختلف ایپس اور لنکس بھیجے، جن میں میل ویئر اور اسپائی ویئر موجود تھا۔

پولیس کے مطابق ان ٹولز کے ذریعے موبائل فونز اور دیگر الیکٹرونک آلات میں محفوظ خفیہ معلومات تک رسائی حاصل کی جا سکتی تھی۔

چارج شیٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ونگ کمانڈر نے اپنے ماتحت کام کرنے والے 5 افسران کے الیکٹرونک آلات میں بھی مخصوص میل ویئر اور اسپائی ویئر انسٹال کرنے میں سہولت فراہم کی۔


پولیس کو شبہ ہے کہ اس اقدام کا مقصد ان افسران کے آلات میں محفوظ حساس معلومات اور اعلیٰ حکام کے ساتھ ان کی خط و کتابت تک رسائی حاصل کرنا تھا۔

دہلی پولیس نے چارج شیٹ کے ساتھ ملزم اور مبینہ پاکستانی آپریٹو کے درمیان ہونے والی گفتگو کا ڈیجیٹل ریکارڈ بھی پیش کیا ہے۔

پولیس کے مطابق واٹس ایپ ڈیٹا کے تجزیے سے دونوں کے درمیان 3 ہزار 8 ٹیکسٹ پیغامات، 65 تصاویر، 65 ری ایکشنز، 42 وائس کالز، 4 ویڈیو کالز اور 6 یو آر ایل کے تبادلے کا انکشاف ہوا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ملزم نے کتنی حساس معلومات فراہم کیں اور آیا اس مبینہ جاسوسی سرگرمی میں کوئی دوسرا شخص بھی ملوث تھا۔