بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی حملہ: پاکستان سمیت 18 عرب و مسلم ممالک کی شدید مذمت

پاکستان، سعودی عرب، فلسطین، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات سمیت 18 عرب اور مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ کے علاقے خان یونس میں واقع ’نصر میڈیکل کمپلیکس‘ پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ہفتے کے روز پاکستان اور دیگر ممالک کے دفاتر خارجہ سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 12 نومبر 2026 کو خان یونس کے نصر میڈیکل کمپلیکس کی عمارت پر کیے گئے اسرائیلی فضائی حملے میں ایک سرجن سمیت کم از کم 5 فلسطینی شہید اور 20 زخمی ہوئے، جبکہ اس کارروائی میں مریضوں اور طبی عملے کا جانی نقصان ہوا ہے۔ مشترکہ بیان جاری کرنے والے 18 ممالک میں پاکستان، مصر، سعودی عرب، ترکیہ، اردن، قطر، یو اے ای، کویت، انڈونیشیا، فلسطین، الجزائر، موریطانیہ، سوڈان، لیبیا، جبوتی، صومالیہ، لبنان اور عمان شامل ہیں۔ وزرائے خارجہ نے بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر جاری حملوں کی بھی مذمت کی اور خبردار کیا کہ امدادی سامان، خیموں، موبائل ہومز اور طبی آلات پر اسرائیلی پابندیوں کے باعث غزہ میں انسانی بحران سنگین ہو رہا ہے، جہاں پناہ گاہوں اور صحت کی سہولیات کی کمی کے باعث معصوم بچوں اور شیرخواروں کی زندگیاں شدید سردی کے خطرے سے دوچار ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق 18 ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عالمی برادری اور ’بورڈ آف پیس‘ کی اپیلوں پر توجہ دیتے ہوئے شرم الشیخ معاہدے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جامع امن منصوبے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 (2025) کے تحت اپنی ذمہ داریاں فوری طور پر پوری کرے۔ اس سے قبل رواں برس جنوری میں صدر ٹرمپ کی چیئرمین شپ میں قائم ہونے والے عالمی فورم ’بورڈ آف پیس‘ نے بھی نصر اسپتال حملے پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ امن منصوبے پر عملدرآمد میں تاخیر کے باعث ایسے المناک واقعات پیش آ رہے ہیں، جہاں حماس اسرائیل پر اسپتالوں کو دانستہ نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتی ہے جبکہ اسرائیل یہ مؤقف اپناتا ہے کہ حماس ان مراکز کو عسکری مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہے، تاہم اس صورتحال کی قیمت بالآخر غزہ کے بے گناہ شہریوں کو چکانا پڑتی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2025 میں امریکا کی ثالثی میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے بعد بڑے پیمانے پر لڑائی رکنے کے باوجود اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 1600 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ اسرائیلی حکام کے مطابق اس دوران اس کے 4 فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ فلسطینی حکام کے اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کو حماس کی قیادت میں ہونے والے حملے کے بعد شروع ہونے والی اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت 74 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ اسرائیلی حکام کے مطابق 7 اکتوبر کے حملے میں تقریباً 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔