بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صدر عارف علوی قصور وار پائےگئے تو ان کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے، وزیر داخلہ

اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن نےثابت کردیا ہےکہ تحریک انصاف فارن فنڈڈ پارٹی ہے، صدر عارف علوی قصور وار پائے گئے تو ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، انہیں اخلاقی طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ 2 روز بعدکابینہ ڈیکلیریشن سپریم کورٹ بھیجنےکی باضابطہ منظوری دےگی، ایف آئی اے اور دیگر تحقیقاتی ایجنسیاں تحقیقات کریں گی، منی لانڈرنگ اور جعلسازی سے متعلق ایف آئی اے اور دیگر ادارے کارروائی کریں گے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلےمیں فارن ایڈڈ پارٹی کا ثبوت موجود ہے، یہ انکار نہیں کرسکتے، 2013 سے 2022 تک بھی بہت کچھ ہوا، تحقیقات ہوں گی تو بہت کچھ سامنےآئےگا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی تقرری کے لیےکمیٹی میں بابر یعقوب کا نام دیا گیا، بحث مباحثہ ہوا، 2018 کے الیکشن میں بابر یعقوب سیکرٹری الیکشن کمیشن تھے، ہم نےکہا کہ دوسرا نام لے آئیں، ہم نے 2018 کے الیکشن پر اعتراض کیا تھا، پرویز خٹک نے مجھے کہا کہ سکندر سلطان راجا شریف آدمی ہیں، میں نے بھی کہا کہ سکندر سلطان شریف آدمی ہیں،غلط کام نہیں کریں گے، کمیٹی میں تو کسی کو اپروچ کرنے اور سفارش کی بات نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کس طرح آئینی ادارےکی رپورٹ مسترد کرسکتی ہے، سپریم کورٹ میں تین رکنی نہیں، فل بینچ بیٹھےگا،عدالت کا جو فیصلہ ہوگا وہ ہم بھی تسلیم کریں گے آپ بھی تسلیم کریں۔
ایک سوال پر انہوں نےکہا کہ تحریک انصاف کے اعتماد کی وجہ حماقت ہے، عقل سے پیدل ہیں، بے وقوفی کی بات کرتے ہیں، اگر یہ الیکشن کے مطالبے میں مخلص ہیں تو پنجاب اور کے پی اسمبلی توڑ دیں۔