سڈنی: آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر چیڈ سئیر نے 2018 کے دورہ جنوبی افریقا کے دوران پیش آنے والے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو سینڈ پیپر کے استعمال کا علم تھا اور ڈریسنگ روم میں بھی اس معاملے پر گفتگو ہوتی تھی۔
چیڈ سئیر 2018 میں جنوبی افریقا کے دورے پر آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ تھے اور اسی دورے میں انہوں نے اپنے کیریئر کا واحد ٹیسٹ میچ بھی کھیلا تھا۔
انہوں نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کی کمنٹری کے دوران ماضی کے واقعے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ بتانے میں کوئی جھجک نہیں کہ وہ اور ان کے ساتھی کھلاڑی سینڈ پیپر کے استعمال سے واقف تھے۔
سابق فاسٹ بولر کے مطابق سینڈ پیپر کا استعمال دو ٹیسٹ میچز میں کیا گیا تھا اور اس حوالے سے ڈریسنگ روم میں بھی بات چیت ہوتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی کی حمایت یا مخالفت نہیں کر رہے بلکہ صرف اس وقت پیش آنے والے واقعات بیان کر رہے ہیں۔
چیڈ سئیر نے مزید بتایا کہ کیپ ٹاؤن میں واقعہ سامنے آنے کے بعد تقریباً ایک سے ڈیڑھ گھنٹے تک گفتگو ہوتی رہی کہ اب آگے کیا کرنا ہے تاہم اس وقت کھلاڑیوں کو اندازہ نہیں تھا کہ آسٹریلیا میں اس معاملے کو کتنی سنجیدگی سے لیا جائے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سینڈ پیپر کے استعمال کا منصوبہ سب کے علم میں تھا، پہلے یہ ڈیوڈ وارنر کے حوالے کیا گیا اور بعد میں بین کرافٹ کو دیا گیا۔ چیڈ سئیر کے مطابق ایک مرتبہ فیلڈنگ کے دوران پانی کے وقفے پر واپس آنے پر انہیں بھی سینڈ پیپر دیا گیا تاکہ وہ اسے اپنے ساتھ لے جائیں۔
سابق فاسٹ بولر نے واضح کیا کہ وہ سینڈ پیپر کے ذریعے بال ٹیمپرنگ کے معاملے کی تحقیقات کا حصہ نہیں تھے لیکن ٹیم میں ہونے والی سرگرمیوں سے کھلاڑی لاعلم نہیں تھے۔
واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ نے بھی اپنی کتاب صبر میں انکشاف کیا تھا کہ 2018 کے بال ٹیمپرنگ واقعے سے ٹیم کے بیشتر کھلاڑی آگاہ تھے۔
فاسٹ بولرز پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک نے عثمان خواجہ کے دعوے کو مسترد کیا تھا، جبکہ ڈیوڈ وارنر نے ان کے بیان کی تائید کی تھی۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد: ای سی او وزرائے خارجہ اجلاس سے قبل عشائیے کا اہتمام
یاد رہے کہ مارچ 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ کا واقعہ سامنے آیا تھا، جس کے بعد اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور بین کرافٹ کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔








