بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

انسداد دہشت گردی مقدمے میں جے یو آئی رہنما مفتی ابرار کے وارنٹ جاری

اسلام آباد میں 7 نومبر کو بغیر اجازت احتجاجی اجتماع، سڑکوں کی بندش اور پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کے مقدمے میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اور مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی مفتی ابرار احمد کے گرد قانون کا شکنجہ مزید سخت ہو گیا ہے، جہاں انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

عدالتی احکامات کی عدم تعمیل اور گرفتاری سے بچنے کے باعث انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت اسلام آباد نے دفعہ 7 سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مفتی ابرار کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے تھانہ انڈسٹریل ایریا پولیس نے سیکٹر آئی نائن فور (I-9/4) میں واقع مسجد فاروقِ اعظم پہنچ کر مفتی ابرار احمد کے وارنٹ گرفتاری کی باضابطہ تعمیل کروا دی ہے، جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس ریکارڈ اور تھانہ انڈسٹریل ایریا میں درج مقدمہ نمبر 1212/26 کے متن کے مطابق 7 نومبر 2026 کو سیکٹر آئی نائن فور میں پیشگی اجازت (این او سی) کے بغیر احتجاجی اجتماع منعقد کیا گیا اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اہم شاہراہوں کو بلاک کیا گیا۔ ایف آئی آر میں قاری افتخار حسین اور مفتی ابرار احمد سمیت 200 سے زائد رہنماؤں اور کارکنان کو نامزد کیا گیا ہے، جن پر مسلح اور ڈنڈا بردار عناصر کے ہمراہ پولیس پارٹی پر پتھراؤ کرنے، سرکاری گاڑیوں کی توڑ پھوڑ اور اسلحے کے زور پر سرکاری اہلکاروں کو فرائض کی انجام دہی سے روکنے کے سنگین الزامات عائد ہیں۔

مقدمے کے اندراج میں مزید کہا گیا ہے کہ اس غیر قانونی اجتماع اور ہنگامہ آرائی کے دوران عام شہریوں، مسافروں اور قریبی رہائشی فلیٹس کے مکینوں کی جان و مال کو بھی شدید خطرے میں ڈالا گیا۔ قانونی ذرائع کے مطابق مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی سنگین دفعات شامل کیے جانے کے بعد متعلقہ رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف قانونی کارروائی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور پولیس کی جانب سے قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لیے مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔